مغربی بنگال: بی جے پی کارکنوں اور پولیس کی جھڑپ

   

کولکاتا : مغربی بنگال کے بشیرہاٹ میں سندیش کھلی تشدد کے خلاف احتجاج کرنے والے پولیس اور کارکنوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ جس میں بی جے پی صدر سکانت مجومدار زخمی ہو گئے۔ احتجاج کے دوران بی جے پی کارکنوں نے سب سے پہلے بیری کیڈ کو توڑا۔ پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو دونوں فریقین میں ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔ اس دوران پولیس اور بی جے پی صدر سکانت مجومدار کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔ جس میں وہ زخمی ہو گئے۔ فی الحال انہیں پولیس کی گاڑی میں اسپتال لے جایا گیا۔ جہاں ان کا علاج جاری ہے۔اس سے پہلے بی جے پی کی مغربی بنگال یونٹ کے صدر سکانت مجومدار نے الزام لگایا تھا کہ ریاستی پولیس نے شمالی 24 پرگنہ ضلع میں واقع سندیش کھلی کا دورہ کرنے سے روکنے کیلئے ان کے لاج کو گھیرے میں لے لیا تھا۔مجومدار نے کہا تھا کہ انہیں مظاہرین سے ملنے کیلئے دوپہر کے بعد سندیش کھلی جانا پڑا۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کل کے احتجاج کے بعد میں نے ٹکی کے ایک لاج میں رہنے کا فیصلہ کیا تاکہ میں جلد سندیش کھلی جا سکوں، لیکن صبح سے ہی پولیس نے میرے لاج کے داخلی دروازے کو بند کر رکھا ہے اور کسی کو باہر جانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔