لکھنؤ: سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے منگل کو کہا کہ سماج وادی پارٹی اترپردیش بجلی صارفین کو 300یونٹ مفت بجلی کے وعدے کو پورا کرنے کے تحت صارفین سے فارم بھرانے کی خصوصی مہم کا چہارشنبہ سے آغاز کرے گی۔پارٹی ہیڈکوارٹر پر منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ‘بجلی صارفین کوہر ماہ 300یونٹ مفت بجلی فراہمی کرنے کا اعلان کافی اہم ہے ۔ہم بجلی صارفین کی رجسٹریشن مہم کا چہارشنبہ سے آغاز کریں گے ۔انہوں نے ہر صارف سے اپیل کی کہ فارم بھرتے وقت بجلی بل میں جو نام درج ہے اسی نام کو فارم میں لکھیں۔اور وہ افراد جن کا اپنا بجلی کنکشن نہیں ہے اور آگے لینے کا منصوبہ بنا رہے ہیں انہیں اپنے آدھار کارڈ کے مطابق اپنا نام درج کرنا چاہئے ’۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نئے سال کے موقع پر ایس پی سربراہ نے یوپی میں اقتدار پر آنے پرفی ماہ 300یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔اکھلیش نے کہا کہ یہ رجسٹریشن آن لائن کے ساتھ ساتھ گھر گھر جاکر بھی کرایا جائے گا۔اکھلیش نے دعوی کیا کہ گذشتہ کچھ مہینوں سے بجلی صارفین کے بل جاری نہیں کئے گئے ہیں۔