مقامات مقدسہ پر غیر ضروری تصاویر اور ویڈیوز سے گریز کریں

   

حج کیلئے روانگی سے قبل خصوصی تیاری کرلیں، کریم نگر میں حج تربیتی کیمپ سے مولانا سید شاہ افضل بیابانی و دیگر کا خطاب
کریم نگر 9 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مناسک حج کے صحیح طریقہ سے ادائیگی کیلئے صحت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ عازمین کو چاہئے کہ حج کو روانگی سے قبل اپنے آپ کو عملی طور پر تیار کرلیں تاکہ مقدس مقامات پر جانے کے بعد کوئی دشواری پیش نہ آئے اور حج کے تمام ارکان خیر خوبی سے انجام پاسکیں۔ ان خیالات کا اظہار صدرنشین ریاستی حج کمیٹی و سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی نے کیا۔وہ کریم نگر کے آئی بی اے گارڈن فنکشن ہال میں 7اپریل بروز منگل لبیک حج سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ تیسرے حج تربیتی کیمپ کے دوران مخاطب تھے۔ ۔ اس تربیتی کیمپ کی صدارت سوسائٹی کے صدر سید عرفان الحق نے کی۔انہوں نے مزید کہا کہ جو افراد صاحبِ استطاعت ہو جائیں انہیں بڑھاپے کا انتظار کئے بغیر جلد از جلد فریضہ حج ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سعودی حکومت، حکومتِ ہند اور حکومت تلنگانہ حج کے دوران عازمین کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں۔ ساتھ ہی تاکید کی کہ سعودی عرب سے سونا خریدنے سے گریز کریں اور مکہ مکرمہ میں غیر ضروری طور پر تصاویر اور ویڈیوز نہ بنائیں۔اور عازمین کو نصیحت کی کہ وہ ادب و انکساری کے ساتھ مقدس مقامات پر حاضری دیں۔ کیمپ میں مولانا مفتی حافظ محمد خالد علی قادری ازہری نے مدینہ منورہ کے فضائل اور وہاں کی حاضری کے آداب پر روشنی ڈالی، جبکہ شیخ الادب جامعہ نظامیہ مولانا سید واحد علی قادری ازہری نے مکہ معظمہ اور مناسکِ حج کی تفصیلات بیان کیں۔واضح رہے کہ ضلع کریم نگر سے اس سال 173 عازمین حج کے لیے روانہ ہونے والے ہیں۔اس موقع پر لبیک حج سوسائٹی کے جنرل سکریٹری حافظ رضوان، نائب صدر حافظ مدثر الرحمن, کریم نگر حج سوسائٹی کے صدر ریاض علی رضوی، کانگریس کے سینئر لیڈر ایس اے محسن، حافظ لقمان، حافظ رفیع، عبد الکریم زاہد، ڈاکٹر اقبال علی، مولانا علیم الدین نظامی، مولانا حافظ سید شاہ محمد قادری، محمد مظہر علی اور حافظ لئیق اللہ, عبد الاحد نوید بھی موجود تھے۔