لائف اسٹائل میں تبدیلی سے امراض میں اضافہ، وزیر صحت نے شعور بیداری دوڑ میں حصہ لیا
حیدرآباد ۔6 ۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے عوام میں محفوظ اور صحت بخش غذاؤں کے استعمال کیلئے شعور بیداری کے تحت نکلس روڈ پر واک کا افتتاح کیا۔ واکاتھن کے انعقاد میں محکمہ صحت نے اہم رول ادا کیا۔ تقریباً ایک ہزار سے زائد طلبہ اور نوجوانوں نے اس دوڑ میں حصہ لیا جو جل وہار سے شروع ہوکر آئی میکس پر اختتام کو پہنچی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے تمام شرکاء کو مبارکباد دی اور کہا کہ حالیہ برسوں میں لائف اسٹائل اور غذا کی عادتوں میں تبدیلی آئی ہے۔ شہری علاقوں میں تیز رفتار توسیع اور مصروف ترین زندگی کے نتیجہ میں بیرونی غذاؤں کے استعمال پر انحصار میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پروسیسڈ اور تیار شدہ غذاؤں کے استعمال سے فوڈ انڈسٹری میں تیز رفتار توسیع ہوئی ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ ریاست میں تقریباً 1.41 لاکھ فوڈ بزنس ادارے موجود ہیں جو 80 فیصد شہری علاقوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ معاشی ترقی اور روزگار کی فراہمی میں فوڈ انڈسٹری کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ غذاؤں میں ملاوٹ اور غیر معیاری غذاؤں کی سربراہی تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری غذائی اشیاء میں ملاوٹ کے نتیجہ میں صحت پر مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ نمک ، دالوں ، ہلدی ، شکر اور چائے پتی میں ملاوٹ کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ غذاؤں کی تیاری میں غیر معیاری تیل کا استعمال بھی صحت کیلئے نقصان دہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری غذاؤں کے طویل استعمال کے نتیجہ میں شوگر ، ہائپر ٹینشن ، امراض قلب ، گردے کے امراض اور موٹاپا جیسے عوارض وجود میں آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بیماریوں میں اضافہ کی اہم وجہ غیر صحتمند غذاؤں کے استعمال کی عادت ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ حکومت غذائی اجناس میں ملاوٹ کے خلاف سخت قدم اٹھائے گی اور ملاوٹ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں 11,000 سے زائد اچانک معائنے کرتے ہوئے ملاوٹ کا پتہ چلایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ غذاؤں میں ملاوٹ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ تلنگانہ میں فوڈ سیفٹی سسٹم مستحکم ہوگا۔ حکومت نے 24 نئے فوڈ انسپکٹر کا تقرر کیا ہے اور 5 موبائیل ٹسٹنگ گاڑیاں متعارف کی گئیں۔ وزیر صحت کے مطابق نظام آباد ، ہنمکنڈہ اور محبوب نگر میں 15 کروڑ کی لاگت سے تین ریجنل فوڈ ٹسٹنگ لیباریٹریز قائم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے غیر معیاری غذاؤں کے ذریعہ عوامی صحت کو نقصان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے ۔ ایگل سسٹم کی طرح فوڈ سیفٹی کیلئے خصوصی میکانزم متعارف کیا جائے گا جو غذاؤں میں ملاوٹ پر نظر رکھے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر معیاری غذاؤں کے استعمال سے گریز کریں۔ دوڑ میں حصہ لینے کے بعد وزیر صحت نے اندرا پارک میں تقریباً 5 کیلو میٹر تک واکنگ کی اور اوپن جم میں دیگر افراد کے ساتھ ورزش کی۔ انہوں نے پارک کی ترقی کے لئے عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں۔ 1/K