خواتین کو عزت نفس اور مکمل تحفظ کے ساتھ سفر کرنے کی سہولت ، زینب خاتون کا انٹرویو
محمد نعیم وجاہت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : انگریزی کا ایک محاورہ ہے Invention is the mother of necessity یعنی ضرورت ایجاد کی ماں ہوتی ہے ۔ زمانے میں جیسے جیسے ترقی ہوتی گئی اسی لحاظ سے انسان کی ضروریات بھی تبدیل ہوتی رہی یا اُن میں جدید طریقوں کی مناسبت سے اضافہ ہوتا رہا ہے لیکن دور حاضر کی ضروریات کے درمیان اپنی جنسی انفرادیت اور احساس تحفظ و صیانت کو برقرار رکھتے ہوئے سفر کو آسان بنانا ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے گاڑیوں پر سفر کرنا غریب و متوسط طبقہ کے لیے بہت بڑا مالی بوجھ بن گیا ہے ۔ آٹوز اور کیابس میں سفر کرنے کے لیے زیادہ اخراجات ہورہے ہیں ۔ بائیک ٹیکسی بھی دستیاب ہے ۔ جو مرد حضرات کے لیے بہتر ہے مگر لڑکیاں اور خواتین مرد ڈرائیور کے پیچھے بیٹھ کر سفر کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کررہی تھیں ۔ ٹولی چوکی کی دو بہنوں زینب خاتون ، عظمیٰ خاتون نے مسئلہ کا حل نکال لیا ہے ۔ خواتین کے لیے خاتون ڈرائیورس کے ساتھ بائیک ٹیکسی کو مارکٹ میں متعارف کرایا ہے ۔ اس کوشش میں ان کے بھائی عبداللہ اور Edvnture Park کی اگزیکٹیو رکن مسرت نے ان کا بھر پور تعاون کیا ہے ۔ زینب خاتون فارمیسی کی طالبہ ہے جب کہ عظمیٰ خاتون کمپیوٹر سائنس کی تعلیم حاصل کررہی ہے ۔ روزنامہ سیاست نے Dovely اسٹارٹپ کے بانی زینب خاتون سے اس نئی شروعات پر تفصیلی بات چیت کی ہے ۔ جس پر انہوں نے بتایا کہ فیملی ریاپڈو کی بہت زیادہ ضرورت محسوس کی جارہی ہے ۔ جس کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔ جس کے دو مقاصد ہیں خواتین کو ٹو وہیلر گاڑیوں پر سفر کرنے کے لیے خاتون ڈرائیور کی خدمات دستیاب کرنا ہے اور ساتھ ہی خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی بھی منصوبہ بندی ہے ۔ دور حاضر میں لڑکیاں و خواتین بھی زندگی کے تمام شعبہ حیات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں ۔ بہت کم لڑکیوں اور خواتین کے پاس سفر کرنے کے لیے اپنی خود کی گاڑیاں ہیں ۔ انہیں کالجس ، آفیس اور دوسرے کاموں کے لیے بسوں ، آٹوز یا کیابس پر انحصار کرنا پڑرہا ہے ۔ ہماری ریسرچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آٹو ، کیابس یا ریاپڈو میں سفر کرنے والی لڑکیوں اور خواتین کو مسائل اور مشکلات سے دوچار ہونا پڑا ہے ان تمام امور کو مد نظر رکھنے کے بعد خواتین کے لیے خواتین ڈرائیورس کے ساتھ ریاپڈو خدمات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اس معاملے میں ان کے والدین نے مکمل تعاون اور حوصلہ افزائی کی ہے ۔ صرف 15 دن میں اس کے بہتر نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ زینب خاتون نے بتایا کہ مستقبل میں تھری اور فور وہیلرس کی خدمات بھی شروع کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ خاتون ریاپڈو کی یہ خدمات صبح 8 تا شام 8 بجے تک رہیں گی ۔ فون نمبر 7893128773 کے واٹس ایپ نمبر یا ویب سائیٹ dovely.org کے ذریعہ بائیک ٹیکسی بک کی جاسکتی ہے ۔۔