ملعون نرسنگھانند کے خلاف شہر میں زبردست احتجاج

   

برہم نوجوانوں نے کئی پولیس اسٹیشنوں میںشکایت درج کروائی ۔کارروائی پر زور

حیدرآباد 5 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں آج ملعون نرسنگ آنند کے خلاف مسلمانوں نے زبردست احتجاج کیا ۔ شدید برہم مسلمانوں نے شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں ملعون کے خلاف شکایت درج کروائی اور گستاخی کو ناقابل برداشت قرار دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ملعون کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے شان رسالتؐ میں گستاخی کے واقعات پر روک لگائے ۔ مسلمانوں نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے یا رسول اللہ کے نعرے بلند کئے ۔ چارمینار کے دامن میں کئے گئے مظاہرہ میں مسلم نوجوانوں انتہائی برہمی کا مظاہرہ کیا اور ملعون نرسنگھانند کے خلاف کارروائی پر زور دیا ۔ ملعون نرسنگ آنند کی گستاخی کے بعد کل رات جھرہ ، ٹپہ چبوترہ علاقوں میں مسلم نوجوانوں نے زبردست احتجاج منظم کیا ۔ برہم نوجوانوں نے ملعون نرسنگ آنند کی تصاویر کو سڑکوں پر ڈال کر اپنے قدموں تلے روندتے ہوئے غصہ کا اظہار کیا اور پرامن احتجاج منظم کیا اور شہر کے کئی علاقوں میں ملعون کے خلاف احتجاجی مظاہرہ جاری ہے ۔ چارمینار کے دامن میں احتجاج کے دوران مولانا سید رضوان پاشاہ نے میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان اپنے رسول ؐکی شان میں گستاخی کو کبھی برداشت نہیں کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسی ناقابل برداشت حرکتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ جس پر فوری روک لگائی جانی چاہئے چونکہ مسلمان کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوچکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بات پوری دنیا کو معلوم ہے اور ہونی چاہئے کہ مسلمان اپنے نبی ؐ کو اپنی جانوں مال اولاد والدین اور سب سے زیادہ عزیز مانتے ہیں ۔ اللہ رب العزت کے بعد نبیؐ سے زیادہ کوئی نہیں بلکہ نبیؐ نہیں تو کچھ بھی نہیں اور مسلمان یہ بات ہرگز بردشت نہیں کریگا کہ ان کے نبیؐ رحمت کی شان میں گستاخی ہو ۔ انہوں نے حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ملعون کو کیفر کردار تک پہونچائے اور ایسی حرکتوں کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کریں ۔ ملعون کی اس حرکت سے سارے عالم کے مسلمانوں میں برہمی پائی جاتی ہے ۔ چارمینار کے دامن میں منعقدہ احتجاج میں مولانا ڈاکٹر سید خلیل اللہ بشیر ، مولانا کاشف بندہ نوازی کے علاوہ دیگر موجود تھے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں ٹپہ چبوترہ ، قلعہ گولکنڈہ ، جہاں نما اور دیگر علاقوں میں مسلم نوجوانوں نے ملعون کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔۔ ع