مذہب کی بنیاد پر سیاست سے جمہوریت کا قتل ، انڈین امریکن فورم کی تقریب سے وزیر اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔11جنوری(سیاست نیوز) ملک میںمذہب کی بنیاد پر سیاست نہ صرف جمہوری اقدار کا کھلے عام قتل بلکہ ملک کی بے مثال ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ثابت ہورہا ہے ‘ دنیا کی عظیم جمہوریت ہندوستان میںاس طرح کی سیاست عالمی سطح پر ہمارے ملک کی شبیہہ کو متاثر کررہی ہے اور اقلیتی طبقات میںاحساس کمتری پیدا ہورہی ہے ۔ وزیر برائے آبپاشی ‘ فوڈ اینڈ سیول سپلائی ریاست تلنگانہ اتم کمار ریڈی نے ان خیالات کااظہار انڈین امریکن فورم کے زیراہتمام منعقدہ ایک تہنیتی تقریب کے دوران کیا۔صدرانڈین امریکن فورم محمد جمیل کی صدارت میںمنعقدہ اس تقریب میں کانگریس کے نو منتخبہ اراکین اسمبلی کے علاوہ شہر کی سرکردہ شخصیتیں جس میں قابل ذکر اصغر علی خان اوردیگر نے شرکت کی ۔تقریب کا آغاز محمد جمیل کے استقبالیہ کلمات سے ہوا ۔ اتم کمار ریڈی نے اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ ملک کی ترقی کا واحد راستہ جمہوریت کا فروغ ہے ۔ انہوں نے مرکز میںزیر اقتدار وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ فرقہ وارانہ نفرت اس قدر شدت اختیار کرچکی ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر بھی اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جارہا ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مرکزی حکومت ملک کی معیشت میںسدھار کے بجائے اپنی تمام تر توجہہ جمہوریت او رجمہوری اداروں کے بیجا استعمال پر لگارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی دوبارہ اقتدار میںآتی ہے تو یقین کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ جمہوری ہندوستان کا تصور بھی ختم ہوجائیگا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ جو بھی مرکز میں زیر اقتدار نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت کو تنقید کانشانہ بناتا ہے اس کی ناکامیو ں کو اجاگر کرتا ہے تو اس کے پیچھے ای ڈی ‘ سی بی آئی کو لگادیاجاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تعجب کی بات ہے مگر ساڑھے نو سالوں میں سابقہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو ( کے سی آر)کے پیچھے نہ تو ای ڈی لگی اور نہ ہی سی بی آئی سے کسی معاملہ میںجانچ ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس تال میل سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کے سی آر بھی بی جے پی کے حمایتی ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے قومی او ربین الاقوامی سطح پر این آر آئی فورمس کی جانب سے کانگریس کی حمایت اور بائیں بازو نظریات کے خلاف تحریکات ملک کی جمہوری شبیہہ کے تحفظ میںایک خوش آئند عمل ہے۔ انہو ںنے این آر ائیز کے سرگرم سیاست میںحصہ داری کو بھی قابل ستائش عمل قراردیا او رکہاکہ تلنگانہ کی موجودہ کانگریس حکومت این آر آئیز کے مفادات میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش کرتی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ انڈین امریکن فورم کا جمہوریت کی بقاء کے لئے کیا جانے والا ہرکام قابل ستائش ہے اور میں شکریہ ادا کرتاہوں کہ آئی اے ایف کے صدر اور تمام ذمہ داران کو انہوں نے کرناٹک اورتلنگانہ کے علاوہ دوسری ریاستوں میں بھی کانگریس کی حمایت میںتحریک چلائی ہے۔ اراکین اسمبلی لکشمی کانتا رائو‘ وویک وینکٹ سوامی‘ ڈی رام موہن رائو‘ ڈاکٹر رام چندر نائک ‘ ایچ جھانسی ریڈی‘ یشہاسوانی ریڈی‘ کوٹا نلیما‘ ادیانکی دیاکر اور دیگر نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا۔فورم کی جانب سے اتم کمار ریڈی کے بشمول تمام اراکین اسمبلی کی گلپوشی اور شال پوشی کی گئی ۔ انڈین امریکن فورم کے صدر محمد جمیل نے فورم کے قیام کے اغراض ومقاصد کیساتھ سالانہ رپورٹ بھی پیش کی اور تمام مہمانو ں کاشکریہ ادا کیا۔ دلت جہد کار اور آئی اے ایف رکن رائے داس رائے منتھینا اور شیلا نیمارو گومولا ’ سورانا منتھانا کے جوائنٹ سکریٹری آئی اے ایف بادم فنی ریڈی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔