شہر و ریاست کے عوام کو بھی احتیاط اور چوکسی کی ضرورت
حیدرآباد۔ ملک کی 6 ریاستوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کو دیکھتے ہوئے شہریان تلنگانہ و حیدرآباد کو بھی چوکنا ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ سال گذشتہ لاک ڈاؤن کے بعد حالات معمول پر آنے لگے تھے اور کورونا کا خوف شہریوں سے نکلتا نظر آنے لگا ۔ لیکن اب جو صورتحال مہاراشٹرا‘ کیرالہ ‘چھتیس گڑھ ‘ پنجاب ‘ مدھیہ پردیش کے علاوہ جموں و کشمیر میں پیدا ہوئی ہے اس میں احتیاط لازمی ہے اور حکومت سے کوئی ہدایات جاری کی جائیں یا نہیں اپنے طور پر شہریوں کو چوکنا ہوکر سماجی فاصلہ کی برقراری کے ساتھ ماسک کے لزوم اور پرہجوم مقامات سے اجتناب اور صفائی کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ ان ریاستوں میں کورونا مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے شہریوں کو از خود احتیاط کے علاوہ وباء سے محفوظ رہنے اقدامات کی ضرورت ہے۔کورونا وباء کے پیش نظر حکومت کی جانب سے سال گذشتہ جس طرح لاک ڈاؤن کے دوران سختی کی گئی تھی ایسی سختیاں اگر شہری خود کرنے لگیں تو وباء کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔ملک کے کئی سرکردہ ادارو ںکی جانب سے کہا جا رہاہے کہ ہندستان کو کسی بھی وقت کورونا کی دوسری لہر کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اسی لئے شہریوں کو وباء سے احتیاط کے علاوہ بچاؤ کی تدابیر کو اختیار کرنے میں عار محسوس نہیں کرنی چاہئے اور ماسک کااستعمال کرنا چاہئے ۔