ملکارجن کھرگے کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی : محمد علی شبیر

   


تلنگانہ میں کانگریس صدارتی انتخاب کا عمل مکمل ، آج بیالٹ باکس دہلی منتقل ، کل ووٹوں کی گنتی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : کانگریس صدارتی انتخاب کے لیے تلنگانہ میں رائے دہی کا عمل مکمل ہوگیا ہے ۔ جملہ 241 رائے دہندوں میں 228 رائے دہندوں نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ کانگریس کے سینئیر قائد پولنگ ایجنٹ محمد علی شبیر نے کہا کہ ملکارجن کھرگے کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے ۔ سوائے چند چھوٹے موٹے واقعات کے گاندھی بھون میں اے آئی سی سی صدارت کے لیے رائے دہی پرامن طریقہ سے مکمل ہوگئی ہے ۔ صدارتی انتخاب میں مقابلہ کرنے والے ملکارجن کھرگے نے تلنگانہ میں رائے دہی کے لیے محمد علی شبیر اور ملو روی کو اپنا انتخابی ایجنٹ مقرر کیا جب کہ دوسرے امیدوار ششی تھرور نے سریکانت اور سنتوش کو اپنا انتخابی ایجنٹ مقرر کیا ۔ رائے دہی کا عمل مکمل ہونے کے بعد کانگریس کے سینئیر قائد سابق وزیر محمد علی شبیر نے بتایا کہ رائے دہی پرامن رہی ہے ۔ بیشتر رائے دہندوں نے ملکارجن کھرگے کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا ہے ۔ انہیں یقین ہے ملکارجن کھرگے تاریخ ساز ریکارڈ اکثریت سے اپنی کامیابی درج کریں گے ۔ تلنگانہ کے بشمول ملک بھر میں ملکارجن کے حق میں لہر دیکھی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے رکن اسمبلی سریدھر بابو کرناٹک کے انچارج ہے ۔ جنہوں نے وہیں حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے ۔ پونم پربھاکر اور اے آئی سی سی سکریٹری ومشی چند ریڈی نے دہلی میں ووٹ دیا ہے جب کہ وینوگوپال ریڈی نے لکشادیپ میں حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ انچارج اے آئی سی سی سکریٹری ندیم جاوید ، روہت چودھری نے حیدرآباد میں ووٹ دیا ہے ۔ ووٹ دینے والوں میں تلنگانہ کانگریس تشہیری کمیٹی کے کنوینر سید عظمت اللہ حسینی بھی شامل ہے ۔ ریٹرنگ آفیسر رکن پارلیمنٹ راج موہن انتن نے بتایا کہ تلنگانہ میں صبح 10 بجے رائے دہی کا آغاز ہوا اور شام 4 بجے اختتام کو پہونچا ۔ رائے دہی پرامن رہی کوئی شکایت وصول نہیں ہوئی ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے قائدین نے رائے دہی کے لیے بہترین انتظامات کئے ہیں حق رائے دہی سے استفادہ کرنے والوں میں تین اے آئی سی سی اراکین بھی شامل ہیں ۔ کل بیالٹ باکس دہلی روانہ کردئیے جائیں گے اور 19 اکٹوبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔۔ ن