ممبئی ۔ 13 مئی (یو این آئی) ایکناتھ شنڈے کی قیادت والی شیو سینا نے پیر کے روز ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر احتجاج درج کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ زمینی خدمات انجام دینے والی ترک کمپنی کے ساتھ اپنا معاہدہ فوری طور پر منسوخ کرے ۔ اس احتجاج کی قیادت شیوسینا کے رکن اسمبلی مرجی پٹیل نے کی، جنہوں نے دعویٰ کیا کہ ترکی پاکستان کی مدد کر رہا ہے ، اور ہم ایسی کمپنیوں کو یہاں کمائی کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ وہ یہاں سے منافع حاصل کر کے پاکستان کی پشت پناہی کر رہے ہیں، اور ہم یہ ہرگز برداشت نہیں کریں گے ۔ مرجی پٹیل نے مزید کہا کہ انہوں نے اس معاملے سے ممبئی پولیس کمشنر کو بھی مطلع کر دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے انتظامیہ کو 10 دن کا الٹی میٹم دیا ہے ، اگر اس مدت میں کارروائی نہ ہوئی تو ہم 10,000 سے زیادہ افراد کے ساتھ ممبئی ہوائی اڈہ پر بڑا احتجاج کریں گے ۔ انہوں نے سخت لہجہ میں کہا کہ ہم کسی ترک کمپنی کو یہاں کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔
ہم ایسی تمام کمپنیوں کی نشاندہی کریں گے اور انہیں یہاں سے نکلنے کے لیے کہیں گے۔ مرجی پٹیل نے زور دے کر کہا کہ شیوسینا اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کسی بھی ترک کمپنی کو مہاراشٹر میں کسی بھی قسم کا ٹھیکہ نہ دیا جائے ۔