کیمپ میں نوزائدہ لڑکی سے معمر خاتون تک کے علاج کی سہولت، ڈاکٹر صحیبہ شکور
حیدرآباد ۔ 7 ستمبر (پریس نوٹ) خواتین عام طور پر صحت کے معاملہ میں لاپرواہی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہیکہ بعض اوقات وقت مقررہ پر علاج و معالجہ نہ ہونے سے مریض مزید پیچیدہ ہوجاتا ہے اور مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ گھریلو زندگی میں خواتین کی اہمیت مسلمہ ہے۔ اگر خانہ دار خاتون بیمار ہوجاتی ہیں تو سارے گھر کا نظام درہم برہم ہوجاتا ہے۔ اس دوران وہ اپنی صحت پر توجہ نہیں دیتیں اور صحت کا کچھ مسئلہ درپیش ہوجائے تو سردمہری کا مظاہرہ کرتی ہیں اور ڈاکٹرس سے رجوع ہونے سے اجتناب کرتی ہیں۔ ایسے حالات میں بعض اوقات مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔ خواتین کی صحت سے متعلق شعور بیداری کے ساتھ ساتھ مفت علاج و معالجہ کی سہولت کیلئے منی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کی جانب سے ایک خصوصی پیشکش کی گئی ہے۔ دواخانہ کی جانب سے لڑکیوں اور خواتین کیلئے دو ماہ پر مشتمل صحت بیداری مہم منی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل پلر نمبر 254 راجندر نگر پر چلائی جائے گی، جس کا آغاز 10 ستمبر سے ہوگا جو 10 نومبر تک جاری رہے گا۔ چیرپرسن منی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل ڈاکٹرصحیبہ شکور ماہر امراض نسواں نے بتایا کہ خواتین کے صحت کے مسائل سے متعلق شعور بیداری کے ساتھ ساتھ علاج و معالجہ کی سہولت کی فراہمی کیلئے مذکورہ بالا ہاسپٹل میں مفت میڈیکل کیمپ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میڈیکل کیمپ میں نوزائدہ لڑکی سے لیکر معمر خاتون کی مفت تشخیص کی جائے گی۔ پیدائشی طور پر کمزور لڑکیوں کے علاوہ ہر عمر کی لڑکیوں اور خواتین کے صحت کے مسائل سے متعلق مفت تشخیص ماہرین امراض نسواں کریں گے۔ اس مفت صحت بیداری کیمپ کے دوران نوجوان لڑکیوں اور خواتین کے مختلف مسائل کا انتہائی کم شرح پر علاج کیا جائے گا۔ لیڈی ڈاکٹرس کے علاوہ لیڈی سرجن کی خدمات حاصل رہے گی۔ ڈاکٹروں سے دیگر امراض کا انتہائی کم شرح پر علاج کیا جائے گا۔ لیڈی ڈاکٹرس کے علاوہ لیڈی سرجن کی خدمات حاصل رہے گی۔ ڈاکٹروں سے مشاورت بالکل مفت رہے گی۔ ٹسٹوں پر 20 فیصد کی رعایت دی جائے گی اور ادویات پر 10 فیصد کی چھوٹ رہے گی۔ اس موقع پر منی ہیلت کارڈ پر بھی دستیاب رہے گا جس کی مدت دو سال رہے گی۔