منی پور میں تازہ تشدد، 5 مکانات نذرآتش، پولیس سے ہتھیار چھین لئے

   

نئی دہلی : منی پور پولیس نے بتایا کہ اتوار کی سہ پہر منی پور کی دارالحکومت امپھال کے نیو لیمبولین علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں نے 5 مکانات کو جلا دیا۔ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ فائر فائٹرز نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ اس واقعہ کے فوراً بعد مشتعل لوگ علاقے میں جمع ہوگئے اور آگ لگانے کے ذمہ داروں کی شناخت نہ کرنے کا حکام پر الزام عائد کیا۔ بعدازاں سیکورٹی فورسز نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے برسائے۔ ایک اور واقعہ میں، پولیس کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے اتوار کو امپھال مغربی ضلع کے سگولبند بیجوئے گووندا میں سابق ہیلتھ ڈائریکٹر کے راجو کی رہائش گاہ کی حفاظت پر مامور سیکورٹی اہلکاروں سے تین ہتھیار چھین لیے۔ لوٹے گئے ہتھیاروں میں اے کے سیریز کی دو رائفلیں اور ایک کاربائن شامل ہے۔ پولیس نے ملزمین کی گرفتاری اور لوٹا ہوا اسلحہ برآمد کرنے کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔