نیشنل کانفرنس کو سپریم کورٹ حکمنامہ سے اُمیدیں
جموں 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس نے آج جموں و کشمیر میں عائد تحدیدات کے بارے میں سپریم کورٹ حکمنامہ کا خیرمقدم کیا اور اُمید ظاہر کی کہ موبائیل انٹرنیٹ سرویسس کی بحالی سے مرکزی علاقہ کی صورتحال میں بہتری لانے میں مدد ہوگی۔ جمعہ کو جاری کردہ نمایاں رولنگ میں سپریم کورٹ نے کہاکہ انٹرنیٹ تک رسائی دستور کے آرٹیکل 19 کے تحت بنیادی حق ہے اور جموں و کشمیر انتظامیہ سے مرکزی علاقہ میں تحدیدات عائد کرنے والے تمام احکام پر اندرون ایک ہفتہ نظرثانی کے لئے کہا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دیویندر سنگھ نے یہاں کہاکہ فاضل عدالت کے تاثرات اہمیت کے حامل ہیں اور حکومت کو انٹرنیٹ کی فوری بحالی کے بارے میں فیصلہ کرنا چاہئے۔ انٹرنیٹ کمیونکیشن کو بند کرنے سے بالعموم جموں و کشمیر کے عوام اور بالخصوص تجارت، کاروبار، صنعت اور تعلیم کے شعبہ سے تعلق رکھنے والوں کو بہت نقصان پہنچا ہے۔