موسمی تغیر ‘ انسانی صحت پر مضر اثرات

   

دن میں گرمی رات میں ٹھنڈک ‘بخار ‘ کھانسی و اعضاء شکنی کی شکایت عام
حیدرآباد۔16فروری(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں موسمی تغیرات کے سبب وبائی امراض میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ دن میں گرمی کی شدت اور درجہ حرارت میں اضافہ ‘رات میں سرد ہوائیں اور ٹھنڈک کے نتیجہ میں انسانی صحت پر اس کے منفی اثرات دیکھے جانے لگے ہیں۔ دونوں شہرو ںمیں بچوں کے علاوہ ضعیف العمر شہریوں میں موسمی تبدیلی کے نتیجہ میں سردی ‘ کھانسی ‘ زکام اور اعضاء شکنی کی شکایات عام ہونے لگی ہیں۔ ماہرین طب کا کہناہے کہ ایسے موسم میں ٹھنڈے پانی اور مشروبات سے سے اجتناب کی ضرورت ہے کیونکہ موسمی تغیرات کے سبب قوت مدافعت میں کمزوری ان امراض کا سبب بنتی ہے ۔ بچوں کو بخار ‘ کھانسی اور کمزوری و نقاہت کی شکایت ایسے موسم میں معمول کی بات ہوتی ہے لیکن احتیاط ناگزیر ہوتا ہے۔ صبح کی اولین ساعتوں میں سرد ہوائیں اور دن میں گرمی میں اضافہ کے سبب شہریوں میں حیرت ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ایل نینو کے سبب یہ موسمی تغیرات دیکھے جا رہے ہیں۔ ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ آئندہ چند یوم بعد گرمی میں اضافہ ہوگا اور آئندہ دو یا تین دن ایسا موسم برقرار رہے گا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایل نینو کے اثر میں اضافہ کے سبب ماہ مارچ کے دوران گرمی کی شدت اور درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائیگا اس کے علاوہ مارچ کے تیسرے ہفتہ میں موسم گرما اپنے عروج پر ہونے کا امکان ہے۔3