مولانا محمد باقر کی یوم شہادت پر جلسہ خراج عقیدت

   

پٹنہ : جنگ آزادی کے دوران جن شخصیتوں نے قربانیاں دیں اور ملک کے لئے اپنی جانیں نچھاور کیں انہیں بہترین خراج عقیدت یہ ہے کہ ان کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کی جائے اور ملک وملت کے لئے اپنے اندر بھی کچھ کر گذرنے کا جذبہ پیدا کیا جائے ۔ یہ باتیں مولانا محمد باقر کے یوم شہادت پر جلسہ خراج عقیدت سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر آفات انتظامیہ شاہنواز عالم نے کہا کہ میں اردو کم جانتا ہوں لیکن میں اپنے دونوں بچوں کو اردو سیکھنے کی ترغیب دیتا رہتا ہوں کیونکہ نئی نسل کی اردو کمزور نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اردو کی شناخت اب صرف مشاعرے تک محدود ہو کر رہ گئی ہے ۔ ایسا نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ 17 سال بعد بہار میں ایک نئی امید پیدا ہوئی ہے ۔ ہم چیزوں کو قریب سے دیکھ رہے ہیں اور بہتر کرنے کی کوشش کریں گے ۔انہوں نے اپنی تقریر میں یقین دلایا کہ وہ اردو اخبارات اور مدارس کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔اپنی صدارتی تقریر میں اردو میڈیا فورم بہار کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر سید شاہ شمیم الدین احمد منعمی نے مولوی محمد باقر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جہاں سے اپنا سفر شروع کیا تھا ہندوستان آج بھی وہیں کھڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مولانا محمد باقر کو اس لئے شہید کیا گیا کہ وہ مختلف مذاہب اور مسالک کے درمیان اتحاد کی باتیں کر رہے تھے ۔