مہاراشٹرا میں جنوب مغربی مانسون کی آج سے واپسی

   

مراٹھواڑہ اور کونکن میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی
ممبئی: محکمہ موسمیات کے مطابق، مہاراشٹر امیں جنوب مغربی مانسون کی واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے جس کے باعث ودربھ، مراٹھواڑہ اور کونکن میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ مغربی راجستھان اور کچھ کے علاقوں میں مانسون کی واپسی کیلئے حالات سازگار ہو چکے ہیں اورمحکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی اضلاع میں بھاری بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔آئی ایم ڈی کے مطابق 23 ستمبر سے مہاراشٹر اکے ودربھ، مراٹھواڑہ اور کونکن ڈویژن کے کچھ اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ ستارہ، سانگلی اور احمد نگر میں اس ہفتہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے۔ 23 سے 25 ستمبر تک پورے ودربھ میں بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے جبکہ مدھیہ مہاراشٹرا، مراٹھواڑہ اور کونکن کے کچھ اضلاع میں بھی 23 ستمبر کو بارش متوقع ہے۔ 24 ستمبر کو گوا اور وسطی مہاراشٹرا کے کئی اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کونکن، گوا اور مراٹھواڑہ کے متعدد اضلاع میں گرج چمک، بجلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ گھاٹ علاقوں میں بھاری بارش کی توقع کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ خاص طور پر 25 سے 27 ستمبر کے درمیان گھاٹ ڈویژن کے بعض مقامات پر بہت زیادہ بارش کا امکان ہے۔کسانوں کو بھی اس صورتحال کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکومت کی جانب سے بھی احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔