نتائج علاقائی جماعتوں کا روشن مستقبل ہونے کا ثبوت : کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 23 نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے دونوں قومی جماعتوں کانگریس اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹرا کے عوام نے کانگریس کو جھارکھنڈ کے عوام نے بی جے پی کو مسترد کردیا ہے۔ دونوں ریاستوں کے نتائج اس بات کا ثبوت ہیکہ مستقبل علاقائی جماعتوں کا ہے۔ کے ٹی آر نے دونوں ریاستوں کے نتائج پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی راہول گاندھی کی قیادت میں بی جے پی کو شکست دینے بالخصوص اپنے وجود کا احساس دلانے میں بھی ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں میں علاقائی جماعتیں طاقتور نہیں ہے وہیں بی جے پی کامیابی حاصل کررہی ہے۔ کانگریس پارٹی اپنی شکست کا محاسبہ کرنے کے بجائے علاقائی جماعتوں کا نام و نشان مٹانے کی کوشش کررہی ہے۔ بی جے پی بھی اس سازش میں برابر کی ذمہ دار ہے۔ یہ دونوں قومی جماعتیں علاقائی جماعتوں کو نقصان پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ علاقائی جماعتوں کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی مخالفت کی جارہی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کتنی بھی کوشش کرلیں علاقائی جماعتوں کو کوئی نقصان نہیں ہوگا بلکہ وہ مزید طاقتور بن کر ابھریں گی۔ مہاراشٹرا میں کانگریس پارٹی کی شرمناک شکست پر بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ سنبھل جائیں۔ انتخابات کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کریں۔ ریونت ریڈی نے مہاراشٹرا پہنچ کر انتخابی مہم چلاتے ہوئے وہاں کے عوام کو تلنگانہ میں کئے جانے والے ترقیاتی و فلاحی اقدامات سے واقف کراتے ہوئے متاثر کرنے کی کوشش کی مگر وہاں کی عوام نے ریونت ریڈی اور کانگریس پارٹی کی گیارنٹی پر بھروسہ نہ کرتے ہوئے شکست دے دیا۔ تلنگانہ سے بڑے پیمانے پر نوٹوں کے تھیلے روانہ کئے گئے۔ ہیلی کاپٹرس مہیا کئے گئے۔ اخبارات اور ٹیلی ویژن چیانلس میں تلنگانہ کے اسکیمات کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی گئی مگر مہاراشٹرا کے عوام نے اس کو قبول نہیں کیا۔2