حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں مہا لکشمی اسکیم کے آغاز کے بعد آر ٹی سی کی بسوں میں سفر کرنے والی خواتین کی تعداد میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ جس میں زیادہ تر خواتین علاج و معالجہ کے لیے بسوں میں سفر کررہی ہیں ۔ شہر کی ایک تنظیم ہیلپنگ ہینڈ فاونڈیشن کی جانب سے اس سلسلہ میں کئے گئے ایک سروے میں یہ بات معلوم ہوئی ہے ۔ فاونڈیشن کے مجتبیٰ حسن عسکری نے کہا کہ یہ سروے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل ، گاندھی ہاسپٹل ، ماڈرن گورنمنٹ میٹرنیٹی ہاسپٹل ، گورنمنٹ ای این ٹی ہاسپٹل ، نمس ، ڈسٹرکٹ ہاسپٹل کنگ کوٹھی ، ایریا ہاسپٹل ملک پیٹ ، کمیونٹی ہیلت سنٹر ، بارکس سی ایچ سی ، پرائمری ہیلت سنٹر جنگمیٹ اور پرائمری ہیلت سنٹر بالا پور پر کیا گیا ۔ اس سروے میں معلوم ہوا کہ بسوں میں سفر کرنے والی خواتین کی تعداد میں ہوئے 31 فیصد اضافہ میں تقریبا 15 فیصد خواتین علاج و معالجہ کے لیے سرکاری دواخانوں اور ہیلت کیر سنٹرس پہونچنے کے لیے بسوں میں مفت سفر کی سہولت سے استفادہ کررہی ہیں ۔۔