مہلوک کسانوں کے پسماندگان کو چیف منسٹر کی امداد پر اعتبار نہیں

   

شہیدان تلنگانہ اور کسانوں کو پہلے امداد دی جائے: ریونت ریڈی
حیدرآباد۔/21 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے کسان ایجی ٹیشن کے مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس 3 لاکھ روپئے امداد کے اعلان پر شبہات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے اس اعلان پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وعدوں اور اعلانات کی تکمیل کے سلسلہ میں ان کا ریکارڈ ٹھیک نہیں ہے۔ ریونت ریڈی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ تلنگانہ جدوجہد کے شہداء کی آج تک نشاندہی نہیں کی گئی اور جن شہداء کی نشاندہی ہوچکی ہے ان کے پسماندگان کو کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے7 سالہ دور حکومت میں ریاست میں 7500 کسانوں نے خودکشی کی ہے جبکہ غیر سرکاری اطلاعات کے مطابق 40 ہزار کسانوں کی موت واقع ہوئی۔ ان مہلوک کسانوں کے خاندانوں کو آج تک کوئی امداد نہیں ملی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں گزشتہ سال سیلاب کے متاثرین کو 10 ہزار روپئے امداد کا اعلان کیا گیا تھا لیکن آج تک متاثرین حکومت کی امداد سے محروم ہیں۔ ان حالات میں کے سی آر کی جانب سے کسان ایجی ٹیشن کے مہلوکین کیلئے امداد کا اعلان ناقابل بھروسہ ہے۔ ر