مہنگائی کیخلاف آل انڈیا کانگریس کمیٹی کا ملک گیر ایجی ٹیشن

   


مہنگائی اور بیروزگاری کیلئے مودی حکومت ذمہ دار، رکن پارلیمنٹ سپتاگری شنکر کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔29۔اگست (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ملک میں مہنگائی کے لئے نریندر مودی حکومت کے غلط فیصلوں کو ذمہ دار قرار دیا اور ملک گیر سطح پر ایجی ٹیشن کا اعلان کیا ہے۔ اڈیشہ سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ وی سپتاگری شنکر نے آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ عوام کو مہنگائی کی وجوہات سے واقف کرانے اور قیمتوں میں کمی کیلئے حکومت پر دباؤ بنانے کے لئے 4 ستمبر کو نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں مہنگائی پر ہلا بول ریالی کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے دور حکومت میں پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتیں عوام کیلئے قابل برداشت تھیں لیکن مہنگائی کا خاتمہ کرنے کے دعوے کے ساتھ برسر اقتدار آنے والی نریندر مودی حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا ۔ عوام کیلئے مہنگائی اور روزگار کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ 2014 ء میں پکوان گیس کی قیمت 410 روپئے تھی جو آج بڑھ کر 1053 روپئے ہوچکی ہے اور 156 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پٹرول کی قیمت فی لیٹر 71 روپئے سے بڑھ کر 112 روپئے ہوچکی ہے۔ ڈیزل 55 روپئے فی لیٹر سے بڑھ کر 100 روپئے تک پہنچ چکا ہے۔ غذائی اشیاء پر جی ایس ٹی کے نفاذ کے نتیجہ میں دودھ ، دہی اور دیگر ضروری غذائی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ سپتاگری شنکر نے کہا کہ جی ایس ٹی سے اشیائے ضروریہ کو مستثنیٰ قرار دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں میں اضافہ کے ذریعہ عوام پر بوجھ عائد کیا جارہا ہے جبکہ حکومت سے قربت رکھنے والے صنعتی اداروں کو رعایتیں دی جارہی ہیں۔ عالمی تیل مارکٹ میں خام تیل کی قیمت میں کمی کے باوجود پٹرول کی قیمت میں کمی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے بعد سے مودی حکومت کے تمام فیصلے عوام کے مفادات کے خلاف ہیں۔ ملک میں بیروزگاری کی شرح میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ کورونا لاک ڈاؤن کے بعد لاکھوں نوجوان بیروزگار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس پارٹی مودی حکومت پر وعدوں کی تکمیل کیلئے دباؤ بنانے کیلئے قومی سطح پر ایجی ٹیشن چلائے گی۔ پریس کانفرنس میں ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو ، مہیش کمار گوڑ اور دوسرے موجود تھے۔ر