زلزلہ متاثرہ میانمار میں ہر گزرتے دن کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ اس قدرتی آفت کو ایک ہفتہ گزر چکا ہے لیکن ملبہ سے نعشیں نکلتی ہی جا رہی ہیں اور تباہی کے دردناک مناظر بھی سامنے آ رہے ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 3354 ہو گئی ہے جبکہ 4850 افراد زخمی ہیں۔ ہزاروں افراد نقل مکانی کیلئے بھی مجبور ہوئے ہیں، جس نے ملک میں تشویش ناک حالات پیدا کر دیے ہیں۔ان مشکل حالات میںہندوستان نے میانمار کیلئے ہر ممکن مدد بھیجی ہے۔ اب تازہ ترین خبروں کے مطابق ہندوستان سمیت سبھی کواڈ ممالک نے 20 ملین ڈالر سے زیادہ کا تعاون پیش کیا ہے۔ کواڈ ممالک جن میں ہندوستان، امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان شامل ہیں۔ انھوں نے 28 مارچ کو میانمار میں آئے زلزلہ کے بعد میانمار کے ساتھ ساتھ تھائی لینڈ کی عوام کے تئیں بھی اپنی یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔اس معاملے میں ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کواڈ شراکت داروں کے ساتھ میانمار اور تھائی لینڈ کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے۔