میدک میں اقلیتی فلاحی اسکیموں پر عمل آوری کا جائزہ

   

میدک۔20 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ اقلیتی بہبود محکمہ کے ڈائریکٹر عبدالحمید نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی سماجی، معاشی اور تعلیمی ترقی کے لیے مختلف فلاحی اسکیمات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اہل اور مستحق اقلیتی طبقات تک حکومت کی فلاحی اسکیمات کے ثمرات مؤثر انداز میں پہنچائے جائیں۔ میدک ضلع کے دورہ کے موقع پر کلکٹریٹ کے ویڈیو کانفرنس ہال میں ایڈیشنل کلکٹر ایم ناگیش، آر ڈی اوز، تحصیلداروں اور اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع میں اقلیتوں کے لیے جاری مختلف فلاحی اسکیمات، شادی مبارک، کلیان لکشمی، طلبہ کے وظائف، شادی خانوں اور دیگر امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اس موقع پر عبدالحمید نے کہا کہ کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیم کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں کی مکمل جانچ اور انکوائری کرتے ہوئے زیر التواء درخواستوں کو جلد از جلد نمٹایا جائے اور اہل استفادہ کنندگان کو حکومت کی جانب سے مقررہ امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے اقلیتی طلبہ کو اسکالرشپ کی فراہمی کے سلسلہ میں حکومت کی ہدایات کے مطابق اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے ضلع میں قائم اقلیتی تعلیمی اداروں اور وقف اراضیات کے تحفظ کے معاملہ میں بھی نمایاں پیش رفت یقینی بنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں انچارج ضلع اقلیتی بہبود افسر اوپیندر، آر ڈی او میدک رما دیوی، آر ڈی او توپران بالیا، آر ڈی او نرساپور رام کرشنا، متعلقہ تحصیلداروں اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔بعدازاں اجلاس جناب عبد الحمید نے میدک کے مسلم شادی خانہ کا معائینہ فرمایا اور انھیں اقلیتی قائدین مسز محمدصوفی جانی۔محمدفاضل۔سید طاہرعلی،سیدعمرمحی الدین ،محمد مزمل نے یہاں درکار سہولتوں سے واقف کروایا۔ڈائریکٹر عبدالحمید سے ضلع میدک کے ٹمریز کالجس اسکولس کے پرنسپلس ایم پلوی،مرلی،حشمت بیگم اوروارڈن ثمرین بیگم نے بھی ملاقات کی۔