میدک۔ 6 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ کے نعرے کے ساتھ بوتھ سطح سے دہلی تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے ضلع کانگریس کمیٹی (ڈی سی سی) کے صدر آر آنجنئیلو گوڑ نے کہا کہ اہل ووٹروں کا ایک بھی ووٹ ضائع ہونے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دباؤ میں آئینی اداروں کو کمزور کیا جا رہا ہے اور جمہوری نظام کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ خصوصی نظرثانی (SIR) کے تحت ووٹر فہرستوں میں مبینہ بے قاعدگیوں اور اہل ووٹروں کے نام حذف کیے جانے کے خلاف انڈیا اتحاد کی جانب سے میدک کلکٹریٹ کے روبرو احتجاج کیا گیا۔ بعد ازاں وفد نے کلکٹر کو یادداشت پیش کرتے ہوئے ووٹر فہرستوں کی شفافیت یقینی بنانے اور اہل ووٹروں کے نام برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا۔ آنجنئیلو گوڑ نے کہا کہ ووٹ کے تحفظ کے لیے بوتھ سطح سے دہلی تک تحریک چلائی جائے گی۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے، گرفتار کرکے تحقیقات کرنے تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے انڈیا اتحاد متحد ہے اور اہل شہریوں کے حق رائے دہی کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جدوجہد کی جائے گی۔اس احتجاج میں کانگریس کے کرن گوڑ۔ایم گنگادھر سی پی آئی کے ملیشم،نرسماں،بالامنی،شوکت کے علاؤہ دیگر نے شرکت کی۔