میری معطلی سے بی سی تحریک کو روکا نہیں جاسکتا: تین مار ملنا

   

حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس سے معطل کردہ رکن قانون ساز کونسل تین مار ملنا نے کہا کہ ان کی معطلی سے بی سی تحریک کو روکا نہیں جاسکتا۔ آج حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تین مار ملنا نے کانگریس کے اعلیٰ طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے ملک بھر میں طبقاتی سروے کا مطالبہ کیا ہے اور کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں طبقاتی سروے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبقاتی سروے حقیقی معنوں میں ملک کیلئے مثالی ہونا چاہیئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ طبقاتی سروے میں بی سی طبقات کی آبادی کو کم اور اعلیٰ طبقات کی آبادی کو زائد پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ طبقاتی سروے کا دوبارہ اہتمام کرے۔ 1
انہوں نے حالیہ گریجویٹ اور ٹیچرس ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات میں حصہ لینے والے بی سی طبقہ کے رائے دہندوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ پارٹی قائدین ان کے اشارے پر کام کریں لیکن تین مار ملنا ایسا نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی سی طبقات سے انصاف کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ طبقاتی سروے کے ذریعہ بی سی طبقات کے ساتھ دھوکہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں بی آر ایس دور حکومت کے سروے کو غیر معمولی رد عمل حاصل ہوا تھا اور لوگ بیرونی ممالک سے اپنے گاؤں پہنچ کر سروے میں شامل ہوئے تھے لیکن حکومت نے سروے رپورٹ کو برسر عام نہیں کیا تھا۔1