جوہانسبرگ۔ ہندوستان کے آف اسپنر روی چندرن اشون نے انکشاف کیا کہ وہ ایک وقت کرکٹ کو چھوڑنے کا ذہن بھی بنا چکے تھے ۔ اشون کو جیسے ہی نیوزی لینڈ سیریزاور جنوبی افریقہ کے دورے کے درمیان کچھ وقت کے لئے وقفہ ملا تو ہندوستان کے سرکردہ آف اسپنر نے کرک انفو کے ساتھ بات چیت کے دوران کچھ حیران کن انکشاف بھی کیا، جس میں انہوں نے کہا، 2018 اور2020 کے درمیان کئی بار میں نے سوچا کہ اب مجھے کرکٹ کو الوداع کہہ دینا چاہئے ۔ مجھے لگتا تھا کہ میں اپنی طرف سے کوشش تو بھرپورکررہا ہوں لیکن اس کا نتیجہ مجھے نہیں مل رہا ہے ۔ خاص طور پر ایتھلیٹک پیوبلجیا اور پیٹلر ٹینڈونائٹس کے ساتھ میں چھ گیندیں پھینکتا تھا اور پھر میں تھک جاتا تھا۔ اس کے بعد میرا پورا جسم درد سے ٹوٹ جاتا تھا، جب گھٹنے میں شدید درد ہوتا تھا تو اگلی گیند پر میری چھلانگ بھی کم ہو جاتی تھی۔