ممبئی:20 جولائی (ایجنسیز) بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کی تاریخی فتح اور لیونل میسی کی شکست پر جذباتی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے تازہ بلاگ میں لکھا کہ ہر عظیم چیمپئن کی زندگی میں ایک وقت ایسا ضرور آتا ہے جب نئی نسل اس کی جگہ لے لیتی ہے۔امیتابھ بچن نے بتایا کہ وہ پوری رات جاگ کر فائنل دیکھتے رہے۔ انہوں نے لکھا:”میچ ختم ہوگیا۔ اسپین چیمپئن بن گیا اور میسی ہار گئے۔ جذباتی آنسو ہیں۔ افسوس ضرور ہے لیکن ہر چیمپئن کی زندگی میں ایک دن ایسا آتا ہے جب موڑ کے بعد آپ سے بہتر لوگ سامنے آ جاتے ہیں۔ جو محبت آپ کو ملی ہے اسے قبول کیجیے اور اسی شان میں سکون تلاش کیجیے۔امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں ممبئی میں واقع اپنی رہائش گاہ جلسا کے باہر ہر اتوار ہونے والی مداحوں سے ملاقات کا بھی ذکر کیا۔بلاگ کے اختتام پر امیتابھ بچن نے لکھا کہ فٹ بال کا سنسنی خیز فائنل دیکھنے اور مداحوں سے ملاقات کے بعد صبح کے 5:30 بج چکے تھے اور اب وہ آرام کرنے جا رہے ہیں۔کام کے محاذ پر امیتابھ بچن آخری مرتبہ فلم ”کالکی 2898 اے ڈی” میں نظر آئے تھے جس میں پربھاس، دپیکا پڈوکون اور کمل ہاسن نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔