71 کروڑ کے مصارف ، فلک نما تک ٹریفک کے بہاؤ میں سہولت
حیدرآباد ۔17۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے آج پرانے شہر کے میلاردیو پلی اور وٹے پلی کے درمیان براہ شاستری پورم تعمیر کردہ روڈ اوور برج کا افتتاح انجام دیا۔ راجندر نگر اسمبلی حلقہ کے تحت 71 کروڑ کی لاگت سے یہ برج تعمیر کیا گیا۔ فور لین پر مشتمل اس بریج کی لمبائی 490 میٹر اور چوڑائی 16.6 میٹر ہے۔ بریج کی تعمیر سے میلاردیو پلی سے فلک نما سفر کی مسافت اور وقت کم ہوگا۔ میلاردیو پلی سے فلک نما جانے والی ٹریفک کو سہولت ہوگی۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ فاصلہ اندرون 30 منٹ مکمل کیا جاسکتا ہے۔ علاقہ میں آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ ، رکن قانون ساز کونسل مہیندر ریڈی اور کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن کے علاوہ مقامی نمائندے موجود تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ حیدرآباد کی جامع ترقی کیلئے حکومت نے منصوبہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حیدرآباد کے تمام علاقوں کی ترقی پر حکومت توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے حکومت عہد کی پابند ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے شہر کے عوامی نمائندوں کے ساتھ اجلاس میں سڑکوں کی توسیع ، بریجس کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو قطعیت دی ہے۔ سریدھر بابو کو عہدیداروں نے روڈ اوور بریج کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ بریج کے افتتاح پر مقامی افراد نے چین کی سانس لی کیونکہ گزشتہ ایک عرصہ سے عوام کو دشواریوں کا سامنا تھا۔1/k