حیدرآباد14 فروری (سیاست نیوز ) کانگریس ہائی کمان نے سابق رکن پارلیمنٹ شریمتی میناکشی نٹراجن کو تلنگانہ کا نیا انچارج مقرر کیا ہے۔ دیپا داس منشی کی جگہ شریمتی میناکشی نٹراجن کو تلنگانہ امور کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے آج دو پارٹی جنرل سکریٹریز اور 9 ریاستوں کے نئے انچارجس کے ناموں کو منظوری دی ہے۔ دیپا داس منشی کی کارکردگی سے پارٹی قائدین کی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے ہائی کمان نے نئے انچارج کے تقرر کا فیصلہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دیپا داس منشی کو ان کی آبائی ریاست مغربی بنگال میں تنظیمی امور کی ذمہ داری دی جائے گی۔ تاہم انہیں کیرالا کی انچارچ کے طور پر برقرار رکھا گیا ہے ۔ تلنگانہ کے نئے انچارج کیلئے بھوپیش بھگیل ، اشوک گہلوٹ اور سچن پائلٹ کے ناموں پر غور کیا گیا تاہم راہول گاندھی نے میناکشی نٹراجن کے نام کو منظوری دی ہے۔ بھوپیش بھگیل کو پنجاب اور ڈاکٹر ناصر حسین کو جموں و کشمیر کے انچارج جنرل سکریٹری کے طور پر مقرر کیا گیا ۔ ہماچل پردیش ، ہریانہ ، مدھیہ پردیش ، ٹاملناڈو ، اڈیشہ ، جھارکھنڈ ، منی پور ، تریپورہ ، سکم ، ناگا لینڈ اور بہار کیلئے نئے انچارجس کا تقرر کیا گیا ۔1