حیدرآباد ۔ 25 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے اسکولوں کیلئے سال 2024-25 کا تعلیمی کیلنڈر جاری کیا ہے۔ اس تعلیمی سال میں اسکول کل 229 دن کام کریں گے۔ اول جماعت تا دسویں جماعت تک لاگو تعلیمی کیلنڈر کے مطابق اسکول 12 جون کو کھل جائیں گے اور 23 اپریل 2025 تعلیمی سال کا آخری دن ہوگا۔ 24 اپریل 2025 تا 11 جون 2025 49 دن کی گرمائی چھٹیاں رہیں گی۔ 2025 کے دسویں جماعت کے پری فائنل امتحانات 28 فروری 2025 سے قبل منعقد کئے جائیں گے، جبکہ فائنل امتحانات مارچ میں ہوں گے۔ تعلیمی کیلینڈر کے مطابق 2 تا 14 اکتوبر دسہرہ کی چھٹیاں، 23 سے 27 دسمبر تک کرسمس کی چھٹیاں اور 13 تا 17 جنوری سنکرانتی کی چھٹیاں دی جائیں گی۔ نئے تعلیمی سال میں دسہرہ کی تعطیلات 13 دن کی، سنکرانتی کی 6 دن کی ہوں گی۔ ہائی اسکولوں کیلئے اوقات صبح 9.30 سے 4.45 بجے تک اور اپر پرائمری صبح 9 بجے سے شام 4.15 بجے تک ہوں گے۔ دونوں شہروں حیدرآباد سکندرآباد میں صبح 8-45 بجے سے شام 4 بجے تک اسکولس کے اوقات رہیں گے ۔ 45 منٹ کا لنچ بریک ہوگا ہر چھ ماہ میں ایک مرتبہ طلبہ کا ہیلت چیک اپ کرنے احکام جاری کئے گئے ہیں ۔ اسکولس میں طلبہ کی 90 فیصد حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ سرکاری اسکولوں میں طلباء کیلئے روزانہ پانچ منٹ یوگا اور مراقبہ کی کلاسیں ہوں گی۔ حکومت نے تمام اسکولوں کو محکمہ تعلیم سے جاری کیلنڈر پر عمل کی ہدایت دی ہے