کے سی آر کے لیے نجومی کا مشورہ ، دسہرہ تک کام مکمل کرنے کے لیے چیف منسٹر کا دباؤ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے سی آر واستو ، نجومیوں اور یگنیہ پر بھر پور ایقان رکھتے ہیں اور نجومیوں کے مشورے اور تجاویز پر مکمل عمل آوری کرتے ہیں ۔ ہر کام میں نجومیوں کے مشوروں کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں ۔ قدیم سکریٹریٹ واستو کے مطابق نہ ہونے کی وجہ سے چیف منسٹر نے سکریٹریٹ کے بجائے پرگتی بھون سے حکمرانی کررہے ہیں ۔ قدیم سکریٹریٹ کے خلاف اپوزیشن نے تنقید کیا احتجاج کیا اور عدالتوں سے رکاوٹیں پیدا ہوئی بالآخر عدلیہ سے راحت ملنے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی پرواہ کئے بغیر سخت پولیس کے سیکوریٹی بندوبست میں سکریٹریٹ کا انہدام کردیا ۔ جس میں دو مساجد بھی شہید ہوگئی اور جدید سکریٹریٹ کی تعمیرات کا آغاز کردیا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر قبل از وقت اسمبلی تحلیل کرتے ہوئے دوبارہ ووٹ مانگنے کے لیے عوام سے رجوع ہونے کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں ۔ تاہم انہیں نجومیوں نے بتایا کہ مقررہ وقت دسہرہ تک جدید سکریٹریٹ تعمیر ہوجانا چاہئے بصورت دشواریاں پیچیدگیاں پیش آسکتی ہیں ۔ اس کے بعد چیف منسٹر سرگرم ہوگئے ۔ انہوں نے ریاستی وزیر عمارت و شوارع وی پرشانت ریڈی ، سکریٹریٹ تعمیری کام کی ذمہ داری قبول کرنے والے کمپنی شاہ پور جی پلونجی گروپ کے ذمہ داروں کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے مقررہ وقت پر سکریٹریٹ کی تعمیر کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ تعمیرات کا جائزہ لینے کے لیے چیف منسٹر نے 8 مرتبہ سکریٹریٹ کا دورہ کیا ہے اور تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی ۔ تین شفٹوں میں تعمیری کام کئے جارہے ہیں اور مہورت قریب آنے کی وجہ سے مزدوروں کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے ۔ پہلے دو سال میں نئے سکریٹریٹ کی تعمیرات کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا تاہم کورونا اور دوسری وجوہات سے تعمیری کام ملتوی ہوئے تھے جس سے تعمیری اخراجات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ نجومیوں نے دسہرہ کو جدید سکریٹریٹ کا افتتاح کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ مہورت پر افتتاح نہ ہونے پر دشواریاں پیش آنے کا انتباہ دیا ۔ مقررہ وقت پر سکریٹریٹ کی عدم تعمیر سے نظم و نسق میں پیچیدگیاں پیدا ہونے کا نجیومیوں نے جو انتباہ دیا ہے ۔ اس سے چیف منسٹر کے سی آر تناؤ کا شکار ہوگئے ہیں ۔ نجومیوں نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ دسہرہ کو سکریٹریٹ کا افتتاح کریں اور اس کے بعد آئندہ 90 دن تک نئے سکریٹریٹ سے حکمرانی کریں اس کے بعد قبل از وقت انتخابات کراتے ہیں تو ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی ۔ نجومیوں کے مشورے کے بعد چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کے وہ دسہرہ سے قبل جدید سکریٹریٹ کی تعمیرات کو یقینی بنائے ۔ اگر ممکن نہ ہوسکے تو کم از کم ان کے چمبر کو مکمل تعمیر کردینے کی ہدایت دی ہے ۔ جس کے بعد وزیر وی پرشانت ریڈی دوسرے کاموں کو چھوڑ کر صرف سکریٹریٹ کی تعمیر پر اپنی ساری توجہ مرکوز کرچکے ہیں ۔ سکریٹریٹ کی چھٹویں منزل پر چیف منسٹر کے سی آر کا چیمبر تعمیر کیا جارہا ہے ۔ دسہرہ کے لیے صرف ایک ماہ کا وقت رہ گیا ہے ۔ دوسری طرف اسمبلی حلقہ منگوڑ کے ضمنی انتخاب کے لیے شیڈول جاری ہونے والا ہے ۔ تاہم کے سی آر نے منگوڑ اسمبلی حلقہ کے چناؤ کی پرواہ کئے بغیر نئے سکریٹریٹ کی تعمیر پر توجہ دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔۔ ن