حکومت اور پارٹی پر گرفت، قومی پولیٹ بیورو میں احمد شریف کی شمولیت
حیدرآباد ۔16۔ اپریل (سیاست نیوز) تلگو دیشم پارٹی کے قومی صدر و چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے تنظیمی سطح پر اہم تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے اپنے فرزند نارا لوکیش کو سیاسی جانشین بنانے کی تیاری شروع کردی ہے۔ آندھراپردیش میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش کو پارٹی کا قومی ورکنگ پریسیڈنٹ مقرر کیا گیا۔ تلگو دیشم کے قیام کے بعد سے پہلی مرتبہ ورکنگ پریسیڈنٹ کے عہدہ کا اضافہ کیا گیا۔ سیاسی حلقوں اور مبصرین کے مطابق پارٹی پر گرفت مضبوط کرنے کیلئے چندرا بابو نائیڈو نے اپنے فرزند کو ورکنگ پریسیڈنٹ مقرر کیا ہے۔ قومی سطح پر پولیٹ بیورو کے علاوہ عاملہ کے عہدیداروں کا اعلان کیا گیا۔ پارٹی کی کمیٹیوں میں خواتین کو موثر نمائندگی دی گئی ہے۔ اسٹیٹ کمیٹی میں 50 خواتین کو شامل کیا گیا۔ نندیال کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر بائی ریڈی شبہاری کو قومی جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا اور اس عہدہ پر فائز ہونے والی یہ پہلی خاتون ہے۔ قومی جنرل سکریٹریز میں مرکزی وزیر کے رام موہن نائیڈو اور کے راجیش کو شامل کیا گیا۔ لوک سبھا میں خواتین تحفظات بل کی پیشکشی کے موقع پر چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی کے عہدوں میں خواتین کو ایک تہائی نمائندگی دی ہے۔ واضح رہے کہ 2024 اسمبلی انتخابات کے بعد سے نارا لوکیش پارٹی کی سرگرمیوں میں اہم رول ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے امراوتی کو دارالحکومت کے طور پر قانونی درجہ دینے کے لئے آندھراپردیش تنظیم جدید ترمیمی قانون کی منظوری کے لئے نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر قومی قائدین سے نمائندگی کی تھی۔ ریاستی و قومی سطح پر نارا لوکیش کی سیاسی شناخت کو مضبوط کرنے میں قومی ورکنگ پریسیڈنٹ کا عہدہ مددگار ثابت ہوگا۔ چندرا بابو نائیڈو نے آندھراپردیش کے ریاستی صدر کے طور پر پی سرینواس راؤ کو مقرر کیا ہے۔ قومی پولیٹ بیورو نے سابق رکن قانون ساز کونسل احمد شریف کو شامل کیا گیا۔1/k/m/b