نارائن پیٹ 16 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ منڈل کے قریب موضع پیراپلی میں جئے اماں ( جامع تالاب ) کو ایک بڑے ریزروائر میں تبدیل کرنے لئے تعمیراتی کام کا نارائن پیٹ ضلع ڈی سی سی کے سابق صدر مسٹر کے شیو کمار ریڈی نے سنگ بنیاد رکھا ،شیوکمار ریڈی، ضلع ایڈیشنل کلکٹر سرینو، محکمہ آبپاشی آفیسر ستیہ نارائنہ نے کسانوں کے ساتھ بھومی پوجا کی تقریب انجام دی۔ بعد ازاں گاؤں کے سرپنچ انجانیولو کی صدارت میں منعقدہ جلسہ عام میں ڈی سی سی کے سابق صدر کمبھم شیوکمار ریڈی نے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جئے اماں ریزروائر اس علاقہ کے لوگوں کا دیرینہ خواب ہے اور کسانوں کی کئی سالوں کی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجہ میں آج اس کی تعمیر کا کام شروع ہورہا ہے۔ انہوں نے جذباتی انداز کے ساتھ اعلان کیا کہ وہ اس پروجیکٹ کو آنجہانی نرسی ریڈی کے خواب کی تکمیل کے لیے وقف کررہے ہیں۔*انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مکتھل- نارائن پیٹ- کوڑنگل آبپاشی پراجکٹ کو منظوری دینے اور تعمیراتی کام کو تیز کرنے میں تعاون فراہم کیا ہے، کمبھم شیوکمار ریڈی نے کہا کہ کسانوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جانا چاہئے جنہوں نے آبی ذخائر کے لئے زمینیں فراہم کیں۔ کمبھم شیوکمار ریڈی نے پروجیکٹ کی تعمیر کے لیے زمین فراہم کرنے والے کسانوں، گاؤں کے سرپنچ انجانیولو، آبپاشی اور محصولات کے محکموں کے افسران، عوامی نمائندوں اور پروگرام کے انتظام میں تعاون کرنے والے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ جیاما ریزروائر کا تعمیراتی کام کامیابی کے ساتھ مکمل ہو جائے گا اور نارائن پیٹ کا علاقہ پودوں سے سرسبز ہو جائے گا۔ اس پروگرام میں محکمہ آبپاشی کے افسران، محصولات کے افسران، عوامی نمائندوں، سابق عوامی نمائندوں، کانگریس پارٹی کے قائدین، کسانوں اور دیگر نے شرکت کی۔