ناگرجنا ساگر کے گیٹس پھر کھول دئے گئے ‘ فاضل پانی کا اخراج

   

حیدرآباد/31 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ناگرجنا ساگر میں دریائے کرشنا سے پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ عہدیداروں نے ناگرجنا ساگر پراجیکٹ کے 8 گیٹس کھول کر فاضل پانی کا دریائے کے نچلے حصے میں اخراج عمل میں لایا۔ ناگرجنا ساگر میں سری سیلم پراجیکٹ سے 1,71,473 کیوزکس پانی کا اِنفلو ہے جس سے فاضل پانی کو خارج کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ دس سال میں اتنی مرتبہ گیٹس کھول کر پانی کا اخراج عمل میں نہیں لایا گیا ۔ 2009 میں دریائے کرشنا میں سیلاب سے ناگرجنا ساگر میں پانی کے بہاؤ میں تیزی تھی جس کے نتیجہ میں گیٹس کھول کر 473 ٹی ایم سی پانی دریائے کرشنا میں خارج کیا گیا تھا۔ جاریہ سال 12 اگسٹ سے متعدد مرتبہ گیٹس کھول کر ناگرجنا ساگر پراجکٹ سے 672 ٹی ایم سی پانی کا نچلی سطح کیلئے خارج کیا گیا۔