پٹنہ: بہار قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے کہا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے 2.25 کروڑ 78 لاکھ روپے کی الوداع یاترا پر روانہ ہونے سے قبل، بہار کے عوام کے سوالوں کا جواب دینا چاہیے ۔تیجسوی یادو نے جمعہ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو عوام سے معافی مانگنی چاہئے کہ گزشتہ 20 سالوں میں نام نہاد دوروں کے ذریعہ سیاسی سیاحت پر جانے کے باوجود وہ اصل حقائق اور شواہد کو کیوں نہیں جان سکے اور کیوں نہیں سمجھتے ؟ انہیں بتانا چاہئے کہ 20 سال وزیر اعلیٰ رہنے کے بعد بھی بہار کی فی کس آمدنی ملک میں سب سے کم کیوں ہے ۔حزب اختلاف کے لیڈر نے سوال کیا کہ بیس سال وزیر اعلیٰ رہنے کے بعد بھی بہار انسانی ترقی کے اشاریہ اور نیتی آیوگ کے پائیدار ترقی کے اشاریہ کے ہر پیمانہ پر کیوں سب سے پیچھے ہے ۔