نربھئے کیس : مجرم ذہنی مریض ہونے کا دعویٰ مسترد

   

ارکان خاندان سے آخری ملاقات کرنے جیل حکام کا مکتوب
نئی دہلی۔ 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے نربھئے عصمت ریزی و قتل کے ایک مجرم کی درخواست کو مسترد کردیا جس میں اس نے ذہی مریض ہونے اور اس کے لئے علاج کی ضرورت کا دعویٰ کیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج دھرمیندر رانا نے آج ونئے کمار شرما کی یہ درخواست مسترد کردی۔ تہاڑ جیل کے حکام نے بھی مجرم کے دعویٰ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے حوالے سے بتایا کہ مجرم کو اوپری زخم ہیں اور وہ کسی نفسیاتی بیماری کا شکار نہیں ہے۔ جیل کی طرف سے پیش ہونے والے ماہر نفسیات نے بتایا کہ چاروں مجرمین کا میڈیکل چیک اَپ کیا گیا اور سب ہی فٹ ہیں۔ اس دوران جیل حکام نے چاروں مجرمین کو اپنے ارکان خاندان سے آخری ملاقات کیلئے لکھا ہے۔ مکیش اور پون نے بتایا کہ وہ پھانسی کی پہلی تاریخ حکم فروری سے قبل اپنے ارکان خاندان سے ملاقات کرچکے ہیں جبکہ اکشے اور ونے سے دریافت کیا گیا ہے کہ وہ اپنے ارکان خاندان سے کب ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔