ترواننتا پورم :15 نومبر ( یو این آئی ) کیرلم کے کوذی کوڈ میں ایک 63 سالہ شخص نے ایک فرضی آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارم میں سرمایہ کاری کرکے 1.41 کروڑ روپے گنوا دیے۔ ایک ایجنسی کے مطابق اس پلیٹ فارم کی تشہیر ایک جعلی ویڈیو کے ذریعے کی گئی تھی، جس میں مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کو دکھایا گیا تھا۔ کوذی کوڈ رورل سائبر کرائم پولیس نے ہفتے کے روز نادوونور کے نوچاد باشندہ عبدالرحیمن پی کی شکایت پر ایف آئی آر درج کی۔پولیس کے مطابق شکایت کنندہ نے ’فیس بک‘ پر ایک ویڈیو دیکھی، جس میں مبینہ طور پر نرملا سیتارمن کو آن لائن ٹریڈنگ کے ذریعے اچھے منافع کا وعدہ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ویڈیو کو اصلی سمجھ کر انہوں نے اس کے ساتھ دیے گئے ایک لنک پر کلک کیا اور جعل سازوں کی ہدایات پر عمل کیا۔ افسران نے بتایا کہ یہ مبینہ دھوکہ دہی 6 جون 2025 سے 4 نومبر 2026 کے درمیان ہوئی۔ اس دوران متاثرہ شخص نے اپنے 2 بینک کھاتوں سے 30 مرتبہ مجموعی طور پر 1.41 کروڑ روپے ملزمین کے زیر انتظام مختلف بینک کھاتوں میں منتقل کیے۔ افسران کے مطابق نہ تو وعدے کے مطابق منافع ملا اور نہ ہی سرمایہ کاری کی گئی رقم واپس آئی، جس کے بعد انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا۔