نظام آباد مقامی اداروں کے کونسل انتخاب میں ٹی آر ایس امیدوار کویتا کی بھاری اکثریت سے کامیابی کا دعویٰ

   

بہن کے لیے بھائی انتخابی مہم میں کود پڑے
نظام آباد مقامی اداروں کے کونسل انتخاب میں ٹی آر ایس امیدوار کویتا کی بھاری اکثریت سے کامیابی کا دعویٰ
ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ پارٹی قائدین سے کے ٹی آر کا خطاب ، فرقہ پرستوں سے چوکنا رہنے کا مشورہ
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے نظام آباد کے مقامی اداروں کے کونسل انتخاب میں ٹی آر ایس کی امیدوار سابق رکن پارلیمنٹ کے کویتا کی بھاری اکثریت سے کامیابی کو یقینی قرار دیا ۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ پارٹی کے عوامی منتخب نمائندوں سے خطاب کیا اور کویتا کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس کی تشکیل کے بعد سے ضلع نظام آباد ٹی آر ایس کا طاقتور گڑھ رہا ہے ۔ تمام انتخابات میں ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ انہیں یقین ہے کہ حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر مقامی اداروں کے عوامی منتخب نمائندے ٹی آر ایس کی کامیابی میں اہم رول ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی اور ترقیاتی کاموں سے چند سیاسی طاقتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور ذات پات مذہب کی سیاست کرتے ہوئے سماج کو بانٹنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ایسی طاقتوں کو کچلنے کے لیے ٹی آر ایس کیڈر کمربستہ ہوجائے ۔ تلنگانہ حکومت ضلع نظام آباد کو ترقی دینے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ لاکھوں ایکڑ اراضی کو ایس آر ایس پی پراجکٹ کے ذریعہ پانی سربراہ کرنے کا اعزاز صرف ٹی آر ایس کو حاصل ہے ۔ متحدہ ضلع نظام آباد کے اسمبلی حلقہ جات کاماریڈی ، یلاریڈی کو بھی کالیشورم پراجکٹ سے پانی پہونچ رہا ہے ۔ اسپیشل فوڈ پراسیسنگ زونس قائم کرتے ہوئے نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے کسانوں کے مفادات کو نقصان پہونچانے کے لیے زرعی بل کو منظوری دی ہے جس کی ٹی آر ایس مخالفت کرتی ہے ۔ مرکزی حکومت زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہ کرنے کے خلاف ہے ۔ مگر ٹی آر ایس کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کررہی ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ ان کی حکومت ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کو خصوصی فنڈز کے جو مسائل ہیں اس کو سمجھ چکی ہے ۔ اس کا بہت جلد حل نکالنے کا وعدہ کیا ۔ اس کے علاوہ کارپوریٹرس اور میونسپل کونسلرس کے مسائل سے بھی حکومت بخوبی واقف ہے ۔ ہرایک کے لیے خصوصی فنڈز جاری کرتے ہوئے اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی و تعمیری کاموںکو انجام دینے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ کویتا اس مرتبہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔۔