نظری اختلاف کے باوجود مرکز اور ریاست میں تعاون پر زور: ریونت ریڈی

   

تلنگانہ کیلئے وزیراعظم سے بار بار ملنے تیار ہوں، کریم نگر ضلع کلکٹریٹ کا افتتاح، سرکاری ملازمین کو بہتر کارکردگی کا مشورہ

حیدرآباد۔30۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ تلنگانہ کے مسائل کی یکسوئی اور پراجکٹس کیلئے وزیراعظم مودی اور مرکزی وزراء سے بارہا ملاقات کریں گے۔ چیف منسٹر نے آج کریم نگر میں نئے ضلع کلکٹریٹ کا افتتاح کیا اور کہا کہ مرکز اور ریاست کو باہمی تعاون کے جذبہ کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ ریاستوں کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر ترقی ممکن ہو۔ مرکزی حکومت کی منظوری کے بغیر سینکڑوں کروڑ سے پراجکٹس کی تعمیر کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ چیف منسٹر نے اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جو ان کے دورہ دہلی کی گنتی کر رہے ہیں۔ نئی دہلی کے ہر دورہ میں انہوں نے تلنگانہ کے مسائل پر مرکزی وزراء سے ملاقات کی اور مرکز سے مسلسل نمائندگی کے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ اندرون 6 ماہ ڈیفنس کی 170 ایکر اراضی کے حصول میں کامیابی ہوئی۔ مرکز نے حیدرآباد میں بیگم پیٹ رن وے کی تعمیر میں تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ نظری اختلاف ہوسکتا ہے لیکن ترقی کیلئے مرکز اور ریاست میں تعاون ضروری ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیدارں سے کہا کہ غریب عوام تک فلاحی اسکیمات کے فوائد کو پہنچانے کیلئے اہم رول ادا کریں۔ ملازمین کے تعاون کے بغیر چیف منسٹر یا وزیراعظم کے امیج کو بہتر نہیں بنایا جاسکتا۔ انہوں نے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ ان کے دفاتر پہنچنے والے ضرورتمند افراد کو اپنے افراد خاندان تصور کرتے ہوئے مسائل حل کریں۔ ضلع کلکٹریٹ عوامی مسائل کے حل میں اہم رول ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کی زیر قیادت عوامی حکومت سرکاری ملازمین کے مسائل کو بتدریج حل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اعتماد کو حاصل کرنے کے لئے ملازمین اور عہدیداروں کو حکومت سے تعاون کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ کریم نگر کی ترقی پر جلد ہی دوبارہ جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔ چیف منسٹر نے اپوزیشن سے کہا کہ وہ ان کے دورہ دہلی کی گنتی کرنے کے بجائے ریاست کی ترقی میں تعاون کرتے ہوئے اپنی حصہ داری ادا کریں۔ کلکٹریٹ کی افتتاحی تقریب میں مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، اے لکشمن کمار ، ڈی سریدھر بابو ، پی سرینواس ریڈی ، ٹی ناگیشور راؤ کے علاوہ ضلع کے عوامی نمائندے اور اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔1/k