پرتاپ گڑھ : پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے و عالمی سطح پر ایک اہم مقام دلانے کے لئے ضروری ہے ، کہ چل رہی فسطائیت و نفرت کی سیاست پر قدغن لگایا جائے ،تاکہ جمہوریت قائم رہے ،اور بھائی چارے کی فضا ہموار ہو سکے ۔ نفرت کی سیات سے اقلیتوں کو ہی نہیں پریشانی بلکہ جمہوریت کے لئے یہ خطرناک ہے ۔انہوں نے میڈیا کو جاری بیان میں مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ حکومت حامی شرپسند تنظیمیوں کے ذریعہ مسلسل نفرت کی فضا بنائی جارہی ہے ،جس کے سبب ملک میں کہیں نہ کہیں فسطائیت کے واقعات پیش آ رہے ہیں ۔حکومت ایک خصوصی طبقے کے تئیں نفرت کی فضا بنانے والوں کی خاموش حمایت کر ان کے خلاف قانونی کارروائی کے برعکس ان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ۔مسلمانوں پر ظلم ڈھایا ،اور بے گناہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ظلم مسلمانوں پر ہی نہیں بلکہ دیگر محروم طبقات پر بھی کیا جا رہا ہے ۔مذہب کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کرنے کا کام کیا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پیس پارٹی انتباہ کرتی ہے کہ ملک کی جمہوریت و آئین کو بچانے کے لئے سبھی ایک پلیٹ فارم پر کھلے دل کے ساتھ آئیں ،اور متحد ہوکر نفرت کی سیاست و ظلم کے خلاف آواز اٹھاکر عوام کو بیدار کریں ،تاکہ ان نفرت کی سیاست کرنے والوں کے خلاف عوام میں ایک پیغمام جائے ۔آج وقت کی آواز ہے کہ ملک کی جمہوریت کو بچانے کے لئے سبھی کو مل کر کوشش کرنی ہوگی ،وقت رہتے اگر نفرت کی سیاست کو روکا نہ گیا تو جمہوریت کو بہت بڑا نقصان ہوگا ۔ڈاکٹر ایوب نے کہا کہ پیس پارٹی کا ہدف ملک کی جمہوریت و آئین کی حفاظت ،جس کے لئے عوام کے مابین کوشش جاری ہے ۔