ایک بستر کیلئے ایک لاکھ کی وصولی ‘ آروگیہ شری مریضوں کو بھی نہیں بخشا جا رہا ہے ‘ ڈسچارج کے بعد بھی بلز کی تیاری
حیدرآباد، 20 نومبر (سیاست نیوز): نمس کے فنڈز کی ہیرا پھیری اور ٹنڈروں کے معاملے میں سنسنی خیز باتیں سامنے آ رہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ کورونا کو کیش کر کے ہر بستر کیلئے ایک لاکھ روپے وصول کیے گئے۔ ان بستروں کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگیوں کے الزامات پر اے سی بی نے چھان بین کی۔ نمس کے سابق ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ لکشمی بھاسکر سے پہلے ہی تفصیلات حاصل کی جا چکی ہیں۔پتہ چلا کہ کورونا میں لکشمی بھاسکر نے نوڈل افسر کی حیثیت سے اپنے فرائض کا غلط استعمال کیا۔ بستر الاٹمنٹ کیللے ایک لاکھ روپے تک وصولی کے الزامات پر اے سی بی کے افسران نے تفصیلات جمع کیں۔ اسی سلسلے میں پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن میں درج ایک مقدمے کا جائزہ لیا گیا۔ پتہ چلا کہ پرشانت نامی ایک ثالث کے ذریعے بستر الاٹ کیے گئے اور مقدمے کو لوک عدالت میں صلح کے ذریعے نمٹا لیا گیا۔ اس معاملے میں لکشمی بھاسکر سمیت نمس عملے کے ملوث ہونے کی چھان بین کی جا رہی ہے۔اے سی بی کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ لکشمی بھاسکر اینڈ کمپنی نے آروگیہ شری اسکیم کو بھی نہیں بخشا اور اس میں بھی بے ضابطگیاں کیں۔ اے سی بی نے پتہ لگایا ہے کہ آروگیہ شری سرجریوں میں مریضوں کے ڈسچارج ہونے کے بعد بھی دواؤں اور سرجری آلات استعمال کے بل بنائے گئے۔ اے سی بی نے ایسے شواہد جمع کیے ہیں کہ سرجیکل اسٹورز سے فراہم دواؤں اور آلات اور تھیٹر میں استعمال کے اندراجات میں بڑا فرق ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ دو برسوں کے دوران آروگیہ شری کے تحت آپریشنوں کے ریکارڈ کی جانچ کی جا رہی ہے۔اے سی بی اس پہلو سے تحقیقات کر رہی ہے کہ آروگیہ شری اسکیم کے تحت مریضوں سے اضافی رقم وصول کی گئی۔ تفتیش میں پتہ چلا کہ نمس آنے والے تقریباً 80 فیصد مریضوں کی سرجری آروگیہ شری اسکیم کے تحت ہی ہوتی ہے۔ اے سی بی نے پتہ لگایا کہ سرجری آئے مریضوں کے داخلے سے سرجری تک نمس عملے نے ہاتھ کی صفائی دکھائی۔ اسپتال میں غیر موجود مریضوں کو دوائیں اور طبی آلات فراہم کرنے کے جعلی بلوں کے معاملے میں اے سی بی افسران سپلائرز کے کردار کی چھان بین کر رہے ہیں۔.1