وائی ایس شرمیلا کی آج دہلی روانگی کا امکان

   

اے پی پی سی سی صدر بنانے کی توقع، دہلی اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال

حیدرآباد۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے دہلی میں آندھرا پردیش انتخابات کا جائزہ لیا۔ شرمیلا کی پارٹی میں شمولیت پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے شرمیلا کو دہلی طلب کیا گیا۔ دہلی میں منعقدہ اجلاس میں راہول گاندھی۔ اے آئی سی سی کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال، آندھرا پردیش کانگریس امور کے انچارج مانکیم ٹیگور، آندھراپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر درا راجو، سی ڈبلیو سی رکن راگھوویرا ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین نے شرکت کی۔ تلنگانہ میں کامیابی کے بعد کانگریس ہائی کمان نے اپنی ساری توجہ آندھرا پردیش پر مرکوز کردی ہے جہاں اسمبلی اور لوک سبھا کے انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔ آندھرا پردیش میں کانگریس کو مستحکم کرنے کے لئے شرمیلا کو کانگریس میں شامل کرنے اور ضرورت پڑھنے پر انہیں آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر نامزد کرنے کے علاوہ انتخابات میں مکمل آزادی دینے کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ شرمیلا کے شوہر دہلی پہنچ گئے ہیں اور کانگریس پارٹی کے سینئر قائدین کے رابطے میں ہے۔ یہ بھی اطلاعات وصول ہو رہی ہیں کہ 28 ڈسمبر کو شرمیلا دہلی روانہ ہوں گیں۔ کانگریس ہائی کمان کے انہیں فوری آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر بنانے کا امکان ہے۔ تاہم شرمیلا نے پارٹی میں شامل ہوتے ہی پہلے اے پی کانگریس کی صدارت قبول کرنے کے بجائے اے آئی سی سی میں نئی ذمہ داری دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ 28 ڈسمبر کو کانگریس کی یوم تاسیس تقریب کا ناگپور میں انعقاد کیا جارہا ہے۔ ناگپور میں ایک بڑے جلسہ عام کا انعقاد کرنے کی مہاراشٹرا کانگریس قائدین کی جانب سے تیاریاں کی جارہی ہیں جس میں ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی، راہول، پرینکا اور دوسرے اہم قائدین شرکت کریں گے۔ 2