وارانسی /3 جون:(ایجنسیز)اتر پردیش کے وارانسی شہر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب انتظامیہ نے کاشی ریلوے اسٹیشن کمپلیکس میں واقع قدیم عجائب شہید مزار اور اس سے متصل مسجد کو مسمار کر دیا۔ کارروائی رات گئے سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان انجام دی گئی، جہاں سینکڑوں پولیس اہلکاروں اور پی اے سی کے جوانوں کو تعینات کیا گیا تھا۔کارروائی سے قبل اے سی پی شیوہری مینا نے دیگر افسران کے ساتھ مقام کا معائنہ کیا۔ انتظامیہ نے مسجد اور مزار کے اطراف رکاوٹیں نصب کیں اور تین بلڈوزر موقع پر طلب کیے گئے۔ اس کے بعد مزار اور ملحقہ مسجد کو منہدم کر دیا گیا جبکہ ملبہ بھی راتوں رات ہٹا دیا گیا۔کارروائی کے دوران ڈی سی پی کاشی گورو بنسل، اے ڈی سی پی ویبھو بنگر، اے سی پی وجے پرتاپ اور دیگر سینئر افسران موقع پر موجود رہے۔ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔یہ معاملہ گزشتہ دو برس سے عدالت میں زیر سماعت تھا۔ بھداو چونگی کے قلعہ کوہنا علاقے میں واقع اس مقام پر مزار، مسجد اور قبرستان موجود تھے۔ مسلم فریق کا موقف ہے کہ مسجد کئی سو برس قدیم ہے، جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زمین ریلوے کی ملکیت ہے اور اس پر غیر قانونی قبضہ کر کے مزار، مسجد اور قبرستان قائم کیے گئے تھے۔