یوم ہائیپر ٹنشن تقریب سے خطاب ، ہر شہری کا بی پی ، شوگر ٹسٹ کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : وزیر صحت ہریش راؤ نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کو بہتر سے بہتر صحت و تندورستی فراہم کریں ۔ ’ ورلڈ ہائیپر ٹنشن ڈے ‘ کے موقع پر کارڈیالوجی سوسائٹی آف انڈیا کے اشتراک سے گلنیگلس گوبل ہاسپٹلس کے 9 ہزار سے زائد افراد پر کئے گئے سروے نتائج کی اجرائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اس بیماری کے بارے میں شعور بیداری کے لیے بین الاقوامی سطح پر ہائی بلڈ پریشر ڈے منایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی ایس آئی کے سروے نتائج کچھ حیران کن اور کچھ تکلیف دہ ہیں ۔ نمس کے سروے کے مطابق اگر کسی کو گردے کے 60 فیصد مسائل ہیں تو وہ ہائپر ٹنشن کا شکار ہیں ۔ بی پی اور شوگر کا پہلے سے پتہ چلاتے ہوئے اگر احتیاط نہیں کیا گیا تو یہ جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے ۔ طرز زندگی میں تبدیلیوں کے باعث یہ مسائل پیدا ہوتے ہیں ۔ ان مسائل سے دوچار رہنے والے افراد اپنی صحت کے بارے میں زیادہ توجہ نہیں دیتے ۔ شدید دباؤ کا شکار ہوتے ہیں اور وہ کوئی جسمانی سرگرمیاں بھی نہیں کرتے ۔ اب فٹنس کے نام پر کھانے پینے کی عادتیں بڑے پیمانے پر تبدیل ہوگئی ہیں ۔ تلنگانہ حکومت ایسے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے این سی ڈی اسکریننگ کررہی ہے ۔ 90 لاکھ لوگوں کی اسکریننگ کی گئی جس میں 13 لاکھ لوگوں میں ہائپر ٹنشن پایا گیا ۔ آئندہ دو تین ماہ کے دوران ہر شہری کا بی پی ، شوگر ٹسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جس کے لیے 33 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ ادویات کا استعمال کررہے ہیں یا نہیں اس کا جائزہ لینے کے لیے کال سنٹر قائم کیا گیا ۔ ملک میں این سی ڈی اسکریننگ میں تلنگانہ کا تیسرا مقام ہے ۔ آئندہ چار پانچ ماہ کے دوران اس کو مکمل کرتے ہوئے ریاست کو پہلے مقام پر پہونچا دیا جائے گا ۔ آیوش کے زیر اہتمام 450 ویلنس سنٹرس کے ذریعہ بہتر صحت کے معاملے میں تربیت فراہم کی جائے گی ۔ وزیر صحت نے کہا کہ کوویڈ کے بعد ہائیپر ٹنشن میں اضافہ نظر آرہا ہے ۔ انہوں نے عوام کو ورزش میں اضافہ کا مشورہ دیا ۔ بچوں کو دولت سے زیادہ صحت دینے کا والدین کو مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں میں بھی گردوں کے مسائل ہیں ۔ شہر حیدرآباد میں مکمل سروے کیا جائے گا ۔ 350 بستی دواخانوں میں 57 اقسام کے ٹسٹ کئے جارہے ہیں ۔ آئندہ ماہ سے 120 سے زیادہ ٹسٹ کئے جائیں گے ۔ رپورٹس مریضوں اور ڈاکٹرس کو موبائل کے ذریعہ 24 گھنٹوں میں سربراہ کئے جارہے ہیں ۔ 45 سال مکمل کرنے والے ہر شہری کو بی پی اور شوگر ٹسٹ کرانے کا مشورہ دیا ۔۔ ن