امیدوار عنایہ فاطمہ کی رائے دہندوں سے ملاقات، علاقہ کی ہمہ جہتی ترقی کا وعدہ
حیدرآباد : حلقہ اسمبلی نامپلی کے وجئے نگر کالونی ڈیویژن میں کانگریس امیدوارا عنایہ فاطمہ کی انتخابی مہم عروج پر ہے اور پہلی مرتبہ سیاسی زندگی میں قدم رکھنے والی اس خاتون کو رائے دہندوں بالخصوص خواتین کی تائید حاصل ہورہی ہے۔ خواتین کیلئے محفوظ اس نشست کیلئے کانگریس پارٹی نے عنایہ فاطمہ کو اپنا امیدوار بنایا ہے ۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد سے ڈیویژن کے مختلف علاقوں میں رائے دہندوں سے ملاقات کا آغاز کیا گیا ۔ کانگریس کے سینئر قائد اور نامپلی انچارج محمد فیروز خاں ، نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی محمد راشد خاں اور صدرنشین میناریٹیز ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل انتخابی مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ان قائدین نے وجئے نگر کے رائے دہندوں کو یقین دلایا ہے کہ کانگریس امیدوار کی کامیابی کی صورت میں علاقہ کی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے علاقہ کے بلدی آبرسانی اور برقی مسائل کے علاوہ صحت و صفائی کے انتظامات پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حلقہ کی تمام غریب بستیوں کے عوام کو سیلاب کی امدادی رقم فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ کانگریس امیدوار عنایہ فاطمہ نے کہا ہے کہ وہ ہر گھر میں تعلیم عام کرنے کے جذبہ کے ساتھ انتخابی میدان میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر غریب گھر کے بچوں کے ہاتھ کتاب اور قلم دینا ان کی عین خواہش ہے تاکہ تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ کے ذریعہ ہر خاندان کی خوشحالی کو یقینی بنایا جاسکتی ہے۔ عنایہ فاطمہ نے کہا کہ ہر غریب کی زندگی میں خوشی اور مسرت کو لوٹانا ان کا اہم مشن ہوگا اور وہ منتخب ہونے کے بعد کئی فلاحی اسکیمات شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ فیروز خاں نے بتایا کہ وجئے نگر کالونی کے علاوہ نامپلی اسمبلی حلقہ کے تمام بلدی ڈیویژنوں میں کانگریس کے حق میں زبردست لہر ہے۔ عوام موجودہ کارپوریٹرس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔