.وزیر اعظم مودی کا برطانوی وزیر اعظم سے مسئلہ کی یکسوئی پر تبادلہ خیال
برازیلیا: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ریو ڈی جنیرو، برازیل میں جی-20 سربراہی اجلاس کے موقعہ پر برطانیہ کے وزیر اعظم کیئر اسٹارمر سے ملاقات کی۔ دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں وزرائے اعظم نے معیشت، تجارت، نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، تحقیق اور اختراع، گرین فائنانس اور عوام کے درمیان روابط کو مضبوط کرنے پر بات چیت کی۔یہ دونوں وزرائے اعظم کے درمیان پہلی ملاقات تھی۔ مودی نے وزیر اعظم اسٹارمر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔وزیر اعظم اسٹارمر نے بھی وزیر اعظم کو ان کی تاریخی تیسری میعاد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ہندوستان۔برطانیہ جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور بشمول بین الاقوامی اور علاقائی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم مودی نے برطانیہ کے بیلفاسٹ اور مانچسٹر میں ہندوستان کے دو نئے قونصل خانوں کے قیام کا اعلان کیا جس کا اسٹارمر ن خیر مقدم کیا۔وزیر اعظم نے برطانیہ میں ہندوستان سے معاشی مجرموں کے مسئلے کو حل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ایسے میں مفرور وجے مالیا اور نیرو مودی کی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔پنجاب نیشنل بینک معاملے میں نیرو مودی کے خلاف بھی تفتیش جاری ہے۔ نیرو مودی نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دی ہے۔ وہیں وجے مالیا کو بھی بھگوڑا قرار دیا جا چکا ہے اور وہ بھی اس وقت برطانیہ میں ہے۔