ورنگل ڈکلیریشن کو کسانوں تک پہنچانے 21مئی سے مہم

   

تلنگانہ سے پد یاترا شروع کرنے راہول گاندھی سے اپیل ، پردیش کانگریس عاملہ کا توسیعی اجلاس
حیدرآباد۔16۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے ورنگل ڈکلیریشن کے تحت کسانوں سے کئے گئے وعدوںکو گاؤں گاؤں پہنچانے کیلئے 21 مئی سے ریاست گیر سطح پر مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کے سینئر قائدین گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں کے ساتھ رچہ بنڈا پروگرام منعقد کریں گے جس میں راہول گاندھی کی جانب سے جاری کردہ کسان ڈکلیریشن کی تفصیلات سے واقف کرایا جائے گا ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کا توسیعی اجلاس آج گاندھی بھون میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں انچارج سکریٹری بوس راجو کے علاوہ سیاسی امور کمیٹی کے کنوینر محمد علی شبیر ، کمیٹی کے ارکان ، پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹس ، نائب صدور ، ضلع کانگریس صدور اور محاذی تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی۔ محمد اظہرالدین ، مہیش کمار گوڑ، وی ہنمنت راؤ ، انجن کمار یادو ، ایم کودنڈا ریڈی ، بلرام نائک اور دیگر سینئر قائدین نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے ورنگل ڈکلیریشن کے تحت دیہاتوں کے دورے کے پروگرام کی تائید کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ورنگل ڈکلیریشن قومی سطح پر تائید حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادے پور میں منعقدہ کانگریس کے دو روزہ چنتن شیور نے کئے گئے فیصلوں کی تائید میں قرارداد پیش کی گئی ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی جانب سے کئے گئے فیصلوں کی تائید کرتے ہوئے متفقہ قرارداد روانہ کی جائے گی ۔ الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے صدرنشین دامودر راج نرسمہا نے قرار پیش کی اور سابق صدرپردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ نے تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ 21 مئی سے 30 دن تک پارٹی کے سینئر قائدین دیہاتوں کا دورہ کریں گے ۔ صدرپردیش کانگریس ورنگل کے جئے شنکر گاؤں میں رچہ بنڈا پروگرام منعقد کریں گے۔ حیدرآباد اور سکندرآباد پارلیمانی حلقوں کے ماسوا باقی 15 پارلیمانی حلقوں کے لئے 15 سینئر قائدین کو انچارج مقرر کیا جائے گا ۔ اجلاس میں قرارداد منظور کرتے ہوئے راہول گاندھی سے اپیل کی گئی کہ وہ 2 اکتوبر سے اپنی پد یاترا کا تلنگانہ سے آغاز کریں۔ راہول گاندھی پد یاترا کے تحت تلنگانہ میں 100 کیلو میٹر کا احاطہ کریں گے۔ ر