ورنگل، کھمم اور نلگنڈہ گریجویٹ ایم ایل سی نشست کیلئے فہرست رائے دہندگان

   

اہل افراد کو درخواست فارم داخل کرنے کی سہولت
حیدرآباد۔/14 فروری، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے ورنگل، کھمم اور نلگنڈہ اضلاع پر مشتمل ایم ایل سی کی گریجویٹ نشست کی فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کا موقع فراہم کیا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کے مطابق ابتداء میں ناموں کی شمولیت کیلئے فارم 18 داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 فروری تھی اور 24 فروری کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ وکاس راج نے وضاحت کی ہے کہ فارم 18 کے ذریعہ ناموں کی شمولیت کیلئے درخواستوں کے ادخال کے سلسلہ کو روکا نہیں گیا ہے اور یہ جاریہ عمل ہے۔ اہل افراد ناموں کی شمولیت کیلئے فارم 18 داخل کرسکتے ہیں۔ 6 فروری سے 14 مارچ تک موصول ہونے والی درخواستوں اور اعتراضات و ادعا جات کی یکسوئی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 14 مارچ تک اعتراضات اور دعوؤں کے ادخال کی مہلت ختم ہوگی اور 4 اپریل کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی جائے گی۔ گریجویٹ زمرہ کے رائے دہندہ کے طور پر اہل قرار پانے والے افراد فارم 18 کے ذریعہ درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ درخواست گذار کو متعلقہ کونسل کے حلقہ میں شہری ہونا چاہیئے۔ ان کے پاس تعلیمی قابلیت سے متعلق تمام دستاویزات ہونے چاہیئے۔ ناموں کی شمولیت کے مرحلہ میں تعلیمی اہلیت کی مہلت یکم نومبر 2023 مقرر کی گئی ہے۔ فارم 18 کے ساتھ ڈگری اور ڈپلومہ سرٹیفکیٹ کی اوریجنل کاپی داخل کی جائے جو یونیورسٹی یا کسی اور ادارہ کی جانب سے جاری کردہ ہو۔ تعلیمی سرٹیفکیٹ کی کسی عہدیدار مجاز کی جانب سے تصدیق کی جانی چاہیئے۔ وکاس راج کے مطابق بڑی تعداد میں ایک ساتھ داخل کی گئی درخواستوں کو قبول نہیں کیا جائے گا چاہے وہ شخصی طور پر ہوں یا بذریعہ پوسٹ روانہ کی جائے۔ الیکشن رجسٹریشن آفیسر یا اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر دستاویزات کی جانچ کریں گے۔ کسی بھی شبہ کی صورت میں اسٹاف کو درخواست گذار کی قیامگاہ پر اوریجنل سرٹیفکیٹ کی جانچ کیلئے روانہ کیا جائے گا۔1