کسانوں کے قرض معافی کے تین مراحل کی تفصیلات پیش
حیدرآباد۔/6 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرکے ریاست میں کسانوں کی قرض معافی کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ وزیر اعظم نے کل مہاراشٹرا میں جلسہ سے خطاب میںتلنگانہ حکومت پر قرض معافی میں کسانوں سے دھوکہ کا الزام عائد کیا تھا۔ چیف منسٹر نے وزیراعظم کو مکتوب روانہ کرکے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نقل جاری کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وزیر اعظم نے 5 اکٹوبر کو مہاراشٹرا میں کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس نے کسانوں سے فصلوں پر قرض معافی کا وعدہ کیا تھا لیکن اقتدار کے باوجود کسانوں کو قرض معافی کا انتظار ہے۔ چیف منسٹر نے وزیر اعظم کے بیان پر دکھ اور حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ زمینی حقائق کے برخلاف یہ بیان دیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ حکومت نے دو لاکھ روپئے تک 2222067 کسانوں کے 17869.22 کروڑ کے قرضہ جات معاف کئے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں 18 جولائی کو ایک لاکھ روپئے تک کے 6034.97 کروڑ کے قرضہ جات 1134412 کسانوں کے معاف کئے گئے۔ دوسرے مرحلہ میں 30 جولائی کو 640823 کسانوں کے دیڑھ لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کرکے 6190 کروڑ جاری کئے گئے۔ تیسرے مرحلہ میں 446832 کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کرکے 5644.24 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اعداد و شمار سے قرض معافی کے بارے میں حکومت کی سنجیدگی کا اظہار ہوتا ہے۔ مکتوب میں کہا گیا کہ تلنگانہ کے کسانوں کی بھلائی کیلئے ہمیں مرکزکے تعاون کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کسانوں کی بھلائی کے عہد پر تلنگانہ حکومت قائم ہے اور کسانوں کی بھلائی کیلئے مرکز سے تعاون کی خواہاں ہے۔1