وزیر اعظم مودی کو مباحث کیلئے میرا چیلنج برقرار :راہول گاندھی

,

   

مودی ایک جوان کا بھی سامنا نہیں کرپائیں گے ۔ پتہ چل جائے گا کہ بیرونی طاقتیں کسے کنٹرول کرتی ہیں

نئی دہلی 9 نومبر ( ایجنسیز) کانگریس لیڈر و قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے آج ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کو چیلنج کیا کہ وہ قوم مخالف اور بیرونی طاقتوں کی جانب سے کنٹرول کئے جانے کے الزامات پر کھلے مباحث کیلئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ لگاتار وزیر اعظم کو کھلے مباحث کیلئے چیلنج کر رہے ہیں اور ان کا چیلنج اب بھی برقرار ہے ۔ سوشیل میڈیا پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے راہول گاندھی نے وزیر اعظم کی جانب سے کل دیوالی کے موقع پر سی آر پی ایف جوانوں سے خطاب کا حوالہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف اہلکاروں کے چہرے بتا رہے تھے کہ وہ وزیر اعظم کے جھوٹ کو تسلیم کرنے تیار نہیں ہیں۔ مودی نے ہم کو دماغی نکسل کہا ہے ۔ اپنے چیلنج کا اعادہ کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم کو ان سے مباحث کرنے چاہئیں کہ کون قوم مخالف ہے اور کس کو بیرونی طاقتیں کنٹرول کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنے پوسٹ میں کہا کہ میرا چیلنج برقرار ہے ۔ انہیں مباحث کیلئے آگے آنے دیجئے ۔ یہ بحث کی جائے گی کہ کون قوم مخالف ہے اور کس کو بیرونی طاقتوں کی جانب سے کنٹرول کیا جاتا ہے ۔ بحث کسی بھی وقت اور کسی بھی مقام پر ہوسکتی ہے ۔ راہول گاندھی نے دعوی کیا کہ اگر مودی مباحث کیلئے تیار ہوجاتے ہیں اور مباحث ہوجاتے ہیں تو اس کے بعد نریندر مودی ایک جوان کا بھی سامنا کرنے کے موقف میں نہیں رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کی ضمانت دیتے ہیں کہ مباحث کے بعد وزیر اعظم کے پاس اتنی ہمت نہیں ہوگی کہ وہ دوبارہ کسی جوان کے آگے ٹہر بھی پائیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نے کل بستر علاقہ میں سی آر پی ایف کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنگلات میں مسلح نکسلائیٹس کا مسئلہ تو حل ہوگیا ہے تاہم دماغی نکسل اب بھی ہمارے درمیان موجود ہیں اور وہ کئی سیاسی جماعتوں میں گھس آئے ہیں۔ وہ عوام کو دستور اور جمہوریت کے خلاف اکسا رہے ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس طرح کے دماغی نکسلوں کی ہمیں شناخت کرتے ہوئے انہیں شکست دینے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو محفوظ بنایا جاسکے ۔ اس کے جواب میں کانگریس نے کہا تھا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نریندر مودی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔ وہ شدید ذہنی الجھن میں مبتلا ہوگئے ہیں کیونکہ اب ان کے جھولا اٹھاکر چل نکلنے کا وقت قریب آرہا ہے ۔