وزیر اعظم نریندر مودی کی آج آمد ۔ بی جے پی اجلاس میں شرکت

,

   

حیدرآباد۔ یکم جولائی ( سیاست نیوز ) وزیر اعظم نریندر مودی کل ہفتے کی دوپہر حیدرآباد پہونچیں گے ۔ وہ بی جے پی قومی عاملہ کے دو روزہ اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ وزیر اعظم ہفتے کو پہونچیں گے اور ائرپورٹ سے سیدھے ایچ آئی سی سی میں نووٹیل ہوٹل پہونچیں گے ۔ یہیں پر بی جے پی کا دو روزہ قومی عاملہ اجلاس ہونے والا ہے ۔ شیڈول کے مطابق وزیر اعظم 2.55 بجے بیگم پیٹ ائرپورٹ پہونچیں گے اور وہ ہیلی کاپٹر سے ایچ آئی سی سی جائیں گے ۔ وہ نووٹیل ہوٹل میں قیام کریں گے اور شام 4 بجے سے رات 9 بجے تک بی جے پی عاملہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ نریندر مودی اجلاس سے خطاب بھی کرنے والے ہیں جس میں قومی عاملہ کے 360 ارکان شرکت کرنے والے ہیں جن میں مرکزی وزراء ‘ کچھ ریاستوں کے چیف منسٹرس اور کئی اہم قائدین بھی شامل ہیں۔ دوسرے دن وزیر اعظم صبح 10 بجے سے قومی عاملہ اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ وہ کئی قرار دادوں کی منظوری کے وقت بھی اجلاس میں شریک رہیں گے ۔ وہ پارٹی کو مزید مستحکم کرنے کچھ ہدایات بھی دینگے ۔ شام پانچ بجے اجلاس کے اختتام کے بعد پارٹی کے دیگر قائدین کے ساتھ وہ پریڈ گراونڈ سکندرآباد پہونچیں گے جہاں وہ ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ جلسہ کے بعد مودی ایک بار پھر ہوٹل واپس ہوجائیں گے اور 4 جولائی کی صبح وہ آندھرا پردیش میں بھیما ورم روانہ ہوجائیں گے ۔ گذشتہ مرتبہ نریندر مودی نے 26 مئی کو حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے انڈین اسکول آف بزنس کی سالانہ تقریب میں شرکت کی تھی ۔ انہوں نے اس وقت ائرپورٹ پر بی جے پی ورکرس سے ملاقات بھی کی تھی ۔